ہاشم اور فف 247، جنوبی افریقہ 411

0 1,000

ویسٹ انڈیز پر ہاتھ صاف کرنے کے بعد جنوبی افریقہ نے آئرلینڈ پر بھی کچھ رحم نہ کھایا اور مسلسل دوسرے مقابلے میں 400 رنز بنانے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گیا۔ ایک مرتبہ پھر 400 رنز کا ہمالیہ سر کرنے میں اہم کردار ہاشم آملہ اور فف دو پلیسی کی دوسری وکٹ پر 247 رنز کی شراکت داری کا رہا، جو کئی لحاظ سے یادگار تھی۔ جنوبی افریقہ عالمی کپ میں سب سے بڑے مجموعے کا ریکارڈ تو نہ توڑ سکا لیکن ان دونوں بلے بازوں نے ریکارڈ بک میں کافی تبدیلیاں کی ہیں۔

انفرادی طور پر ہاشم آملہ نے اپنے کیریئر کی بہترین 159 رنز کی اننگز کھیلی اور ساتھ ہی سب سے کم اننگز میں 20 سنچریوں کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ حال ہی میں سب سے کم اننگز میں 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے ہاشم آملہ نے محض 108 ویں اننگز میں بیسویں سنچری بنائی اور یوں بھارت کے ویراٹ کوہلی کا 133 اننگز میں 20 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔

ہاشم اور فف کی شراکت داری کا آغاز اس وقت ہوا جب جنوبی افریقہ محض 12 کے مجموعے پر وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک سے محروم ہوا۔ جس کے بعد دوسری وکٹ پر یہ دونوں بلے باز 36.1 اوورز تک جمے رہے اور 6.82 کے اوسط کے ساتھ 247 رنز کا اضافہ کیا۔ یوں یہ یہ عالمی کپ تاریخ میں دوسری وکٹ کے لیے جنوبی افریقہ کی سب سے بڑی شراکت داری بن گئی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ابراہم ڈی ولیئرز اور ژاک کیلس کے پاس تھا جنہوں نے عالمی کپ 2007ء میں میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسری وکٹ پر 170 رنز بنائے تھے۔

اگر مجموعی طور پر بھی دیکھا جائے تو یہ عالمی کپ میں دوسری وکٹ کی تیسری سب سے بڑی شراکت داری ہے۔ یہ ریکارڈ جاری عالمی کپ میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور مارلون سیموئلز نے بنایا تھا جنہوں نے کینبرا ہی میں گزشتہ ہفتے کھیلے گئے مقابلے میں زمبابوے کے خلاف دوسری وکٹ پر 372 رنز جوڑے تھے۔ ان کے علاوہ سارو گانگلی اور راہول ڈریوڈ کی 1999ء کے عالمی کپ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کے خلاف 318 رنز کی شراکت داری اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔

اگر کسی بھی وکٹ کے لیے شراکت داریوں کی فہرست دیکھیں تو ہاشم آملہ اور فف کی یہ رفاقت عالمی کپ کی تاریخ میں کسی بھی وکٹ کے لیے پانچویں سب سے بڑی ساجھے داری ہے۔ اس سے قبل پانچویں نمبر پر سچن تنڈولکر اور سارو گانگلی کی عالمی کپ 2003ء میں نمیبیا کے خلاف بنائی گئی 244 رنز کی شراکت داری آتی ہے، لیکن اب ہاشم اور فف نے انہیں کھسکا کر خود یہاں قبضہ جما لیا ہے۔

اگر جنوبی افریقہ کے 411 رنز کو دیکھا جائے تو یہ عالمی کپ کی تاریخ میں دوسرا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ جنوبی افریقہ صرف 2 رنز کے فرق سے ٹورنامنٹ کے ریکارڈ کو برابر نہ کرسکا، جس پر تاحال بھارت کا قبضہ ہے۔ بھارت نے 2007ء کے عالمی کپ میں برمودا کے خلاف 413 رنز بنائے تھے۔ جنوبی افریقہ ابھی پچھلے مقابلے میں ہی ویسٹ انڈیز کے خلاف 408 رنز بنا چکا تھا اور محض ایک میچ بعد اپنے ریکارڈ کو مزید بہتر بناتے ہوئے 411 کرلیا۔

اب جنوبی افریقہ کا اگلا مقابلہ 7 مارچ کو پاکستان سے ہوگا، وہ بھی آکلینڈ کے مختصر سے میدان پر۔ آگے اللہ خیر کرے!

عالمی کپ میں سب سے بڑے مجموعے

ملک رنز بمقابلہ بمقام بتاریخ
بھارت 413 برمودا پورٹ آف اسپین 19 مارچ 2007ء
 جنوبی افریقہ 411 آئرلینڈ کینبرا 3 مارچ 2015ء
جنوبی افریقہ 408 ویسٹ انڈیز سڈنی 27 فروری 2015ء
سری لنکا 398 کینیا کانڈی 6 مارچ 1996ء
آسٹریلیا 377 جنوبی افریقہ باسیتیرے 24 مارچ 2007ء