بریڈمین یا ڈی ولیئرز کی طرح ہمیشہ رنز نہیں بنا سکتا: ہاشم آملہ

0 1,010

آئرلینڈ کے خلاف مقابلے میں کیریئر کی بہترین 159 رنز کی اننگز کھیلنے والے جنوبی افریقہ کے بلے باز ہاشم آملہ نے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ رنز نہیں بنا سکتے، کیونکہ نہ تو وہ ڈان بریڈمین ہیں اور نہ ہی ابراہم ڈی ولیئرز۔

گزشتہ مقابلے میں ہاشم آملہ اور فف دو پلیسی کی سنچریوں کی بدولت جنوبی افریقہ نے 411 رنز کا بڑا مجموعہ اکٹھا کیا اور بعد ازاں 201 رنز سے مقابلہ جیتا۔ ڈیل اسٹین اور کائل ایبٹ کی عمدہ باؤلنگ کی وجہ سے آئرلینڈ ایک لمحے کے لیے بھی مقابلے میں واپس نہ آ سکا اور جب مقابلہ تمام ہوا تو مردِ میدان کا خطاب ہاشم آملہ کو دیا گیا، جن کا کہنا ہے کہ "سبھی مقابلوں میں رنز بنانا ممکن نہیں، میں بریڈمین یا ڈی ولیئرز نہیں ہوں۔"

ہاشم آملہ کے پاس ڈبل سنچری بنانے کا اچھا موقع تھا، کیونکہ اچھے خاصے اوورز ابھی باقی تھے لیکن وہ ایک چھکا لگانے کی کوشش میں لانگ آف پر آؤٹ ہوگئے۔

عالمی کپ میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے اسی میدان یعنی کینبرا کے منوکا اوول پر، زمبابوے کے خلاف ڈبل سنچری بنائی تھی۔ جس پر ہاشم نے کہا کہ "کرس گیل شاید بہت جلد ایک روزہ میں 300 رنز بھی بنا ڈالیں گے۔

ساتھی اوپنر کوئنٹن ڈی کوک کے بارے میں ہاشم آملہ نے کہا کہ "ڈی کوک ایک باصلاحیت کھلاڑی ہے اور بہت محنت بھی کرتا ہے۔ اب اس کا خراب وقت ہے اور جیسے ہی ان کا بلّا چلے گا، وہ رنز بناتے دکھائی دیں گے۔

جنوبی افریقہ کو اب سنیچر کے دن پاکستان کا مقابلہ کرنا ہے، دیکھتے ہیں کہ ہاشم آملہ اپنی کارکردگی کے سلسلے کو جاری رکھتے ہیں یا ایک مرتبہ پھر محمد عرفان کے ہتھے چڑھ جائیں گے۔