عالمی کپ کا بے جوڑ ترین مقابلہ ، آسٹریلیا فاتح

0 1,026

عالمی کپ 2015ء کے یکطرفہ ترین مقابلے میں آسٹریلیا نے افغانستان کو 275 رنز سے شکست دے دی لیکن اس پرتھ کے اس میدان پر، جو کبھی گیندبازوں کی جنت ہوتا تھا، آج شائقین کرکٹ نے شاید آسٹریلیا کے 417 رنز کا لطف اٹھایا ہو لیکن کھیل کے حقیقی چاہنے والوں نے بھولے بسرے دنوں کو یاد کیا ہوگا۔ بہرحال، ڈیوڈ وارنر کی 178 رنز کی باری اور گلین میکس ویل کی 88 رنز کی طوفانی اننگز کے ساتھ ساتھ اسٹیون اسمتھ کے 95 رنز آسٹریلیا کی نمایاں کارکردگی رہے، جبکہ جواب میں افغانستان صرف 142 رنز پر ڈھیر ہوگیا۔

افغانستان نے ٹاس جیتا اور آسٹریلیا کو 'دعوتِ شیراز' لوٹنے کا موقع دیا۔ گو کہ آرون فنچ زیادہ دیر نہ ٹھیر پائے اور ابتداء ہی میں آؤٹ ہوگئے لیکن اس کے بعد ڈیوڈ وارنر اور اسٹیون اسمتھ کی شراکت داری نے افغان گیندبازوں کو سر اٹھانے کا موقع نہ دیا۔ دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ پر 260 رنز کی شراکت داری قائم کی جو ایک روزہ کرکٹ میں کسی بھی وکٹ کے لیے آسٹریلیا کی سب سے بڑی رفاقت تھی۔ خاص طور پر ڈیوڈ وارنر نے جیسی کارکردگی دکھائی، وہ حقدار تھے کہ ڈبل سنچری بنانے والے پہلے آسٹریلوی بلے باز بنتے اور ان کے پاس خاصا وقت بھی تھا کیونکہ جس وقت وہ آؤٹ ہوئے اس وقت پورے 12 اوورز کا کھیل باقی تھا اور انہیں ڈبل سنچری کے لیے صرف 22 رنز کی ضرورت تھا۔178 رنز بنانے کے بعد وارنر کی 133 ویں گیند پر چھکا حاصل کرنے کی تمنا پوری نہ ہوسکی اور گیند فضاؤں کی سیر کرتی ہوئی افغان کپتان محمد نبی کے ہاتھوں میں محفوظ ہوگئی۔ 19 چوکوں اور 5 چھکوں سے مزین اس اننگز کا اختتام خوشی کے بجائے کئی شائقین کے لیے مایوسی کے ساتھ ہوا بہرحال، یہی کھیل ہے۔ ویسے دوسرے کنارے پر موجود اسٹیون اسمتھ بھی عالمی کپ میں پہلی سنچری بنانے کی خواہش پوری نہ کرسکے اور 95 رنز بناکر شاپور کی دوسری وکٹ بنے۔

کھیل کے اختتامی لمحات میں گلین میکس ویل کی طوفانی اننگز نے خوب ماحول باندھا۔ وہ عالمی کپ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنا سکتے تھے لیکن 39 گیندوں پر 88 رنز بنائے تھے کہ محمد نبی کے محفوظ ہاتھ پھر آڑے آ گئے۔ آخری اوورز میں بریڈ ہیڈن کے 9 گیندوں پر 20 رنز آسٹریلیا کو 417 رنز تک لے آئے۔ یہ ایک روزہ کرکٹ تاریخ میں محض دوسرا موقع تھا کہ آسٹریلیا نے 400 رنز کا ہندسہ عبور کیا۔ اس سے پہلے آسٹریلیا 2006ء میں 434 رنز بنا چکا تھا، جی ہاں! اسی تاریخی مقابلے میں جہاں جنوبی افریقہ نے اس ہدف کا تعاقب کرلیا تھا۔

لیکن پرتھ میں جنوبی افریقہ نہیں بلکہ افغانستان مقابل تھا، وہ بیچارہ اس ہدف تک کہاں سے پہنچا؟ اس کے بوجھ تلے دبتا ہی رہا۔ مچل اسٹارک، مچل جانسن اور ان کے ہمنوا تیز گیندبازوں کی سوئنگ ہوتی ہوئی گیندوں کا مقابلہ کرنا ان کے بس کی بات نہ لگتی تھی۔ سمیع اللہ شنواری اور نوروز منگل نے چوتھی وکٹ پر 48 رنز کی معمولی مزاحمت کی ۔ بالآخر 38 ویں اوور میں ہی گیا اور پوری ٹیم محض 142 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یوں افغانستان کو اپنے پہلے ہی عالمی کپ میں ٹورنامنٹ کی تاریخ کی بدترین شکست کا ذائقہ چکھنا پڑا جبکہ آسٹریلیا نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی سب سے بڑی کامیابی حاصل کی۔

اب آسٹریلیا کو 8 مارچ کو اہم مقابلے میں سری لنکا سے کھیلنا ہے جبکہ افغانستان اسی روز نیوزی لینڈ کا مقابلہ کرے گا۔

آسٹریلیا بمقابلہ افغانستان

عالمی کپ 2015ء - چھبیسواں مقابلہ

بتاریخ: 4 مارچ 2015ء

بمقام: واکا، پرتھ، آسٹریلیا

نتیجہ: آسٹریلیا 275 رنز سے جیت گیا

میچ کے بہترین کھلاڑی: ڈیوڈ وارنر

رنز گیندیں چوکے چھکے اسٹرائیک ریٹ
ڈیوڈ وارنر کیچ نبی بولڈ زدران 178 133 19 5 133.83
آرون فنچ کیچ منگل بولڈ زدران 4 9 0 0 44.44
اسٹیون اسمتھ کیچ زدران بولڈ زدران 95 98 8 1 96.94
گلین میکس ویل کیچ نبی بولڈ زدران 88 39 6 7 225.64
جیمز فاکنر بولڈ حسن 7 6 1 0 116.67
مچل مارش کیچ زدران بولڈ منگل 8 9 0 0 88.89
بریڈ ہیڈن ناٹ آؤٹ 20 9 2 1 222.22
فاضل رنز ب 2، ل ب 5، و 7، ن ب 3  17
کل رنز 50 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر 417
گیندبازی (افغانستان) اوورز میڈنز رنز وکٹیں نو-بالز وائیڈز اکانمی ریٹ
دولت زدران 10.0 1 101 2 2 3 10.1
شاپور زدران 10.0 0 89 2 1 2 8.9
حمید حسن 10.0 0 70 1 0 1 7.0
محمد نبی 10.0 0 84 0 0 1 8.4
سمیع اللہ شنواری 5.0 0 34 0 0 0 6.8
جاوید احمدی 4.0 0 18 0 0 0 4.5
نوروز منگل 1.0 0 14 1 0 0 14.0
 (ہدف: 418 رنز) رنز گیندیں چوکے چھکے اسٹرائیک ریٹ
جاوید احمدی کیچ کلارک بولڈ ہیزل ووڈ 13 24 1 0 54.17
عثمان غنی کیچ فاکنر بولڈ جانسن 12 19 0 0 63.16
نوروز منگل کیچ فنچ بولڈ جانسن 33 35 2 2 94.29
اصغر ستانکزئی کیچ اسمتھ بولڈ جانسن 4 10 0 0 40.0
سمیع اللہ شنواری کیچ جانسن بولڈ کلارک 17 31 2 0 54.84
محمد نبی کیچ کلارک بولڈ میکس ویل 2 10 0 0 20.0
نجیب اللہ زدران بولڈ اسٹارک 24 31 1 1 77.42
افسر زازئی کیچ ہیڈن بولڈ ہیزل ووڈ 10 40 0 0 25.0
دولت زدران بولڈ اسٹارک 0 4 0 0 0.0
حمید حسن کیچ وارنر بولڈ جانسن 7 18 0 0 38.89
شاپور زدران ناٹ آؤٹ 0 4 0 0 0.0
فاضل رنز ب 4، ل ب 5، و 10، ن ب 1 20
کل رنز 37.3 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 142
گیندبازی (آسٹریلیا) اوورز میڈنز رنز وکٹیں نو-بالز وائیڈز اکانمی ریٹ
مچل اسٹارک 6.0 0 18 2 0 0 3.0
جوش ہیزل ووڈ 8.0 1 25 2 0 3 3.12
مچل جاسن 7.3 0 22 4 0 5 2.93
مائیکل کلارک 5.0 0 14 1 0 0 2.8
مچل مارش 3.0 0 25 0 0 1 8.33
جیمز فاکنر 4.0 0 8 0 1 1 2.0
گلین میکس ویل 4.0 1 21 1 0 0 5.25