بھارت کوارٹر فائنل میں، پاکستان فائدے میں

1 1,017

دفاعی چیمپئن بھارت نے عالمی کپ میں مسلسل چوتھا مقابلہ جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ پا لی ہے اور ساتھ ہی اپنے پڑوسی پاکستان کے لیے بھی معاملات آسان کردیے ہیں۔ پرتھ میں ہونے والا مقابلہ دونوں ٹیموں کے لیے توقعات سے کہیں زیادہ کڑا ثابت ہوا۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے بلے بازی کی، سوائے کپتان جیسن ہولڈر کے تمام ہی بلے باز ناکام ہوئے، بڑے بڑے برج الٹے اور پوری ٹیم صرف 182 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت کی 'مہان' بیٹنگ لائن صرف 183 رنز کے تعاقب میں بری طرح لڑکھڑائی یہاں تک کہ ایسا محسوس ہونے لگا کہ ناکام ہوجائے گی لیکن کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹھنڈے دماغ کے ساتھ بہت ہی اہم اننگز کھیلی اور بھارت کو 4 وکٹوں سے کامیابی دلا کر اگلے مرحلے میں پہنچا دیا۔

آج پرتھ کی وکٹ نے بلے بازوں کے ساتھ وہی برتاؤ کیا، جس کے لیے وہ مشہور ہے۔ تیز گیندبازوں کا راج دکھائی دیا اور پہلے بھارت کے باؤلرز چھائے رہے اور پھر ویسٹ انڈیز کے گیندبازوں نے راج کیا، لیکن جب فیصلہ کن مرحلہ آیا تو بھارت کے کپتان نے بازی اپنے حق میں جھکا لی۔ دراصل مقابلہ تو ویسٹ انڈیز اسی وقت ہار گیا تھا جب ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اس کے چار بلے باز صرف 35 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ پہلے ڈیوین اسمتھ وکٹوں کے پیچھے کیچ دے گئے، پھر کرس گیل نے پہلے مارلون سیموئلز رن آؤٹ کروایا اور پھر خود بھی عادت سے مجبور ہو کر پل کھیل بیٹھے اور گیند موہیت شرما کے ہاتھوں میں محفوظ ہوگئی۔ تہرے دھچکے سے ویسٹ انڈیز سنبھلا ہی نہیں تھا کہ گیل کے جانے کے بعد اگلی ہی گیند دنیش رامدین کے لیے واپسی کا پروانہ ثابت ہوئی۔ امیش یادو کی گیند ان کے بلے کا اندرونی کنارہ لیتی ہوئی وکٹوں میں گھس گئی۔ اب معاملات کون سنبھالتا؟ جوناتھن کارٹر اور اور لینڈل سیمنز نے کچھ مزاحمت کی۔ اگلے 9 اوورز تک کسی نہ کسی طرح جمے رہے لیکن کچھ ہی وقفے سے یہ دونوں بھی پویلین سدھار گئے۔ آندرے رسل سے کچھ امیدیں وابستہ تھیں لیکن انہوں نے بھی آج ناکامی کا منہ دیکھا۔ صرف 85 رنز پر 7 وکٹیں گرگئیں اور ایسا محسوس ہونے لگا کہ شاید آج ویسٹ انڈیز تہرے ہندسے میں بھی نہ پہنچے۔ اس سے بھی بڑھ کہ 17 ہزار سے زائد تماشائیوں کے سروں پر ایک یکطرفہ مقابلے کا خطرہ منڈلانے لگا لیکن جیسن ہولڈر کی نصف سنچری اور ڈیرن سیمی کی معمولی مزاحمت نے ویسٹ انڈیز کو 182 رنز تک پہنچا دیا۔ سیمی نے اپنی روش سے بالکل ہٹ کر 55 گیندوں پر 26 رنز بنائے جبکہ ہولڈر نے 64 گیندوں پر 57 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔ اگر مقابلے کا نتیجہ مختلف ہوتا تو یہ اننگز فیصلہ کن ثابت ہوتی۔ ہولڈر نے 3 چھکے اور 4 چوکے بھی لگائے اور ان کے آؤٹ ہوتے ہی 45 ویں اوور میں ویسٹ انڈیز آل آؤٹ ہوگیا۔

محمد شامی نے 3، امیش یادو اور رویندر جدیجا نے دو، دو اور روی چندر آشون اور موہیت شرما نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ یعنی کہ گیندبازی میں بھارت کا 'ہنی مون' دور جاری ہے، جس نے ایک مرتبہ پھر حیران کن کارکردگی دکھاتے ہوئے حریف بلے بازوں کو چت کیا۔

بہرحال، اصل امتحان ابھی باقی تھا یعنی ایک خطرناک وکٹ پر 183 رنز کا تعاقب۔ بظاہر تو یہ بھارت کے لیے بالکل آسان لگ رہا تھا لیکن ابتدائی 7 اوورز ہی میں اندازہ ہوگیا کہ 'یہ پتھر بھاری ہے'۔ پہلے شیکھر دھاون اور پھر روہیت شرما، دونوں جیروم ٹیلر کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جب اسکور صرف 20رنز تھا۔ ویراٹ کوہلی نے اجنکیا راہانے کے ساتھ مل کر 15 اوورز مکمل کیے اور مجموعے کو 63 تک پہنچایا لیکن آندرے رسل نے ان کو شارٹ گیند پر اچھی طرح پھانسا اور آؤٹ کرا دیا۔ بھارت اس بڑے دھچکے سے سنبھلا ہی نہیں تھا کہ راہانے کا بھی بلاوا آ گیا، جنہیں کیمار روچ نے وکٹوں کے پیچھے آؤٹ کرایا۔ 78 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد مہندر سنگھ دھونی کو سریش رینا کے ساتھ کچھ کر دکھانا تھا۔ رینا جو کافی عرصے سے جدوجہد کررہے ہیں، آج پھر ناکامی کا منہ دیکھا اور 22 رنز بنانے کے بعد اس وقت آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی چھٹی وکٹ 30 ویں اوور میں گری جب دھونی کے آخری مستند ساتھی رویندر جدیجا آؤٹ ہوئے۔ بھارت ہدف سے 49 رنز کے فاصلے پر ہی 6 وکٹوں سے محروم ہوچکا تھا اور تمام تر ذمہ داری مہندر سنگھ دھونی کے کاندھوں پر تھا، جنہیں ساتھ میسر تھا روی چندر آشون کا۔ یہاں دھونی نے ثابت کیا کہ مقابلے کو اپنے حق میں پلٹانے اور خاتمے تک پہنچانے کا کردار کس کو آتا ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر قائدانہ غلطیاں تھے، دھونی نے ان غلطیوں کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور بھارت کو 40 ویں اوور میں منزل تک پہنچا دیا۔ دھونی نے 56 گیندوں پر 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ آشون نے 16 رنز کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی بھارت اپنے اعزاز کے دفاع کے لیے پہلا مرحلہ عبور کرگیا ہے کیونکہ وہ اپنے 6 گروپ مقابلوں میں سے ابتدائی چاروں جیت چکا ہے۔ اب اسے آئرلینڈ اور زمبابوے جیسے معمولی حریفوں سے کھیلنا ہے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز مشکلات سے دوچار ہوگیا ہے۔ اس کے پانچ مقابلے ہو چکے ہیں اور اب صرف متحدہ عرب امارات کے خلاف ایک میچ باقی ہے جہاں فتح کی صورت میں بھی اس کے پوائنٹس کی تعداد 6 ہی ہوگی یعنی اسے پاکستان اور دیگر ٹیموں کے نتائج کا انتظار کرنا پڑے گا۔

بہرحال، محمد شامی کو بہترین گیندبازی پر مردِ میدان کا خطاب ملا اور وہی اس کے درست حقدار بھی تھے۔ کرس گیل کے علاوہ انہوں نے ڈیوین اسمتھ اور ڈیرن سیمی کی قیمتی وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔

بھارت بمقابلہ ویسٹ انڈیز

عالمی کپ 2015ء - اٹھائیسواں مقابلہ

بتاریخ: 6 مارچ 2015ء

بمقام: واکا گراؤنڈ، پرتھ، آسٹریلیا

میچ کے بہترین کھلاڑی: محمد شامی

رنز گیندیں چوکے چھکے اسٹرائیک ریٹ
ڈیوین اسمتھ کیچ دھونی بولڈ شامی 6 20 1 0 30.0
کرس گیل کیچ شرما بولڈ شامی 21 27 2 1 77.78
مارلون سیموئلز رن آؤٹ (یادو) 2 7 0 0 28.57
جوناتھن کارٹر کیچ شامی بولڈ آشون 21 43 3 0 48.84
دنیش رامدین بولڈ یادو 0 1 0 0 0.0
لینڈل سیمنز کیچ یادو بولڈ شرما 9 22 0 0 40.91
ڈیرن سیمی کیچ دھونی بولڈ شامی 26 55 2 0 47.27
آندرے رسل کیچ کوہلی بولڈ جدیجا 8 8 0 1 100.0
جیسن ہولڈر کیچ کوہلی بولڈ جدیجا 57 64 4 3 89.06
جیروم ٹیلر کیچ و بولڈ یادو 11 18 1 0 61.11
کیمار روچ ناٹ آؤٹ 0 1 0 0 0.0
فاضل رنز ل ب 5، و 16 21
کل رنز 44.2 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 182
گیندبازی (بھارت) اوورز میڈنز رنز وکٹیں نو-بالز وائیڈز اکانمی ریٹ
محمد شامی 8.0 2 35 3 0 5 4.37
امیش یادو 10.0 1 42 2 0 5 4.2
روی چندر آشون 9.0 0 38 1 0 1 4.22
موہیت شرما 9.0 2 35 1 0 4 3.88
رویندر جدیجا 8.2 0 27 2 0 1 3.24
 (ہدف: 183 رنز) رنز گیندیں چوکے چھکے اسٹرائیک ریٹ
روہیت شرما کیچ رامدین بولڈ ٹیلر 7 18 1 0 38.89
شیکھر دھاون کیچ سیمی بولڈ ٹیلر 9 14 1 0 64.29
ویراٹ کوہلی کیچ سیموئلز بولڈ رسل 33 36 5 0 91.67
اجنکیا راہانے کیچ رامدین بولڈ روچ 14 34 2 0 41.18
سریش رینا کیچ رامدین بولڈ اسمتھ 22 25 2 0 88.0
مہندر سنگھ دھونی ناٹ آؤٹ 45 56 3 1 80.36
رویندر جدیجا کیچ سیموئلز بولڈ رسل 13 23 2 0 56.52
روی چندر آشون ناٹ آؤٹ 16 32 0 0 50.0
فاضل رنز ب 1، ل ب 3، و 19، ن ب 3 26
کل رنز 39.1 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 185
گیندبازی (ویسٹ انڈیز) اوورز میڈنز رنز وکٹیں نو-بالز وائیڈز اکانمی ریٹ
جیروم ٹیلر 8.0 0 33 2 0 1 4.12
جیسن ہولڈر 7.0 0 29 0 0 1 4.14
کیمار روچ 8.0 1 44 1 2 5 5.5
آندرے رسل 8.0 0 43 2 1 5 5.37
ڈیوین اسمتھ 5.0 0 22 1 0 3 4.4
مارلون سیموئلز 3.1 0 10 0 0 0 3.16