آسٹریلیا نے لنکا پر قابو پالیا، پوزیشن مضبوط تر

0 1,035

آسٹریلیا نے عالمی کپ کے ایک اہم مقابلے میں سری لنکا پر قابو پاتے ہوئے اپنی دوسری پوزیشن کو مزید مضبوط کرلیا ہے۔ ایک شاندار مقابلے نے تعطیل کے دن میدان میں موجود ہزاروں تماشائیوں اور دنیا بھر میں کروڑوں کرکٹ پرستاروں کو خوب تفریح دی جس میں کئی ریکارڈز بھی بنے، سنگ میل بھی عبور ہوئے اور نئی منزلیں بھی متعین ہوئی، اور سب سے بڑھ کر میزبان آسٹریلیا جیتا۔

سڈنی میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔جب بغیر کوئی خطرہ بنے دونوں شعلہ مزاج اوپنرز آؤٹ ہوئے توایسا لگتا تھا کہ آج سری لنکا اپنی اہلیت سے بڑھ کر کچھ کر دکھائے گا۔ لیکن کپتان مائیکل کلارک اور اسٹیون اسمتھ کی ذمہ دارانہ اننگز نے سری لنکا کی بڑھتی ہوئی پیشقدمی کے سامنے روک لگا دی۔ دونوں نے 134 رنز کی بہترین شراکت داری قائم کی جس نے آسٹریلیا کو ایک بڑے مجموعے کے لیے حقیقی بنیاد فراہم کی۔ مائیکل کلارک 68 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور کچھ ہی گیندوں کے بعد اسٹیون اسمتھ کا بھی بلاوا آ گیا جنہوں نے 72 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا دونوں جمے ہوئے بلے بازوں سے محروم ہوا تو جگہ گلین میکس ویل اور شین واٹسن نے سنبھالی۔ پھر جو کچھ ہوا، اس نے لنکن گیندبازوں کے ہاتھوں کے طوطے اڑ گئے ہوں گے۔ دونوں نے صرف 82 گیندوں پر 160 رنز کی رفاقت قائم کی، جس میں میکس ویل کا حصہ صرف 51 گیندوں پر 100 رنز کا تھا۔ میکس ویل جو متعدد بار سنچری کے بہت قریب پہنچ کر ناکام رہے ہیں، آج کا موقع ضائع نہیں کیا اور عالمی کپ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین سنچری بنا ڈالی۔ ان کی اننگز 53 گیندوں پر 102 رنز کے ساتھ مکمل ہوئی جس میں 4 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔ دوسرے کنارے سے واٹسن نے بھی عمدہ اننگز کھیلی اور 41 گیندوں پر 67 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ان دونوں کو تھیسارا پیریرا نے واپس بھیجا جبکہ درمیان میں جیمز فاکنر پہلی ہی گیند پر رن آؤٹ ہوگئے تھے۔ بریڈ ہیڈن کے 9 گیندوں پر 25 رنز نے آخر میں مجموعے کو 376 رنز تک پہنچا دیا۔

سری لنکا کے گیندباز اور فیلڈرز آج غیر موثر دکھائی دیے او رکسی کی کارکردگی آسٹریلیا کو روکنے جیسی نہیں دکھائی دی۔ یہاں تک کہ تھیسارا پیریرا نے 9 اوورز میں 87 اور اینجلو میتھیوز نے صرف 7 اوورز میں 59 رنز کھائے۔ وکٹیں لاستھ مالنگا اور پیریرا کو دو، دو اور میتھیوز، سیکوگے پرسنا اور تلکارتنے دلشان کو ایک، ایک ملیں۔

اب 377 رنز کا ہدف سری لنکا کو درپیش تھا اور ابتداء ہی میں وکٹ گرجانے کے باوجود اس نے اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔ سب سے پہلے تلکارتنے دلشان اور کمار سنگاکارا کی 130 رنز کی شراکت داری نے بنیاد فراہم کی۔ دلشان بہترین فارم میں دکھائی دے رہے تھے اور جس طرح انہوں نے مچل جانسن کو ایک اوور کی تمام چھ گیندوں پر چوکے لگائے، اس سے ظاہر ہو رہا تھا کہ آج وہ پورے موڈ میں ہیں۔ بس 62 رنز پر پہنچ کر ان کی اننگز مچل اسٹارک کی ایک خوبصورت گیند کے ساتھ مکمل ہوگئی، ورنہ آج وہ سری لنکا کو بہترین پوزیشن پر لا سکتے تھے۔ بہرحال، ان کے جانے کے بعد مہیلا جے وردھنے کا رن آؤٹ سری لنکا کے لیے بہت مایوس کن مرحلہ تھا کیونکہ ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں اس کے تجربہ کار بلے بازوں کا کریز پر موجود رہنا ضروری تھا، بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوسکا۔ البتہ کمار سنگاکارا نے عالمی کپ میں اپنی مسلسل تیسری سنچری مکمل کی جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ ان سے پہلے کبھی کوئی بلے باز ایک عالمی کپ میں مسلسل تین سنچریاں بنا چکا ہو۔ اس دوران کمار نے 14 ہزار ایک روزہ رنز کا سنگ میل بھی عبور کیا۔ ان سے پہلے صرف بھارت کے سچن تنڈولکر ہی اس مقام تک پہنچے ہیں۔

سنگاکارا کے آؤٹ ہوجانے کے بعد دنیش چندیمال کا زخمی ہوجانا سری لنکا کے لیے دوسرا بڑا دھچکا تھا۔ چندیمال 24 گیندوں پر 52 رنز کے ساتھ بہترین کھیل پیش کررہے تھے کہ ران کے پٹھے میں تکلیف کی وجہ سے انہیں میدان سے باہر لے جانا پڑا اور یہیں سے سری لنکا کی گرفت مقابلے پر ڈھیلی پڑ گئی۔چندیمال کاباہر جانا تھا کہ میتھیوز بھی آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد زوال کو کون روک سکتا تھا۔ سری لنکا نے اپنی آخری 6 وکٹیں صرف 31 رنز کے اضافے سے گنوائیں اور مقابلہ طشتری میں رکھ کر آسٹریلیا کے سامنے پیش کردیا۔

اب آسٹریلیا پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن مضبوط کر چکا ہے۔ وہ 14 مارچ کو اپنا آخری مقابلہ اسکاٹ لینڈ سے کھیلے گا۔ دوسری جانب سری لنکا 11 مارچ کو اسکاٹ لینڈ ہی سے اپنا آخری مقابلہ کھیلے گا۔ یوں دونوں ٹیموں کو مزید دو، دو پوائنٹس ملنے کا امکان ہے۔

آسٹریلیا بمقابلہ سری لنکا

عالمی کپ 2015ء - بتیسواں مقابلہ

8 مارچ 2015ء

بمقام: سڈنی کرکٹ گراؤنڈ، سڈنی، آسٹریلیا

نتیجہ: آسٹریلیا 64 رنز سے جیت گیا

میچ کے بہترین کھلاڑی: گلین میکس ویل

 آسٹریلیا رنز گیندیں چوکے چھکے اسٹرائیک ریٹ
آرون فنچ اسٹمپڈ سنگاکارا بولڈ پرسنا 24 24 3 0 100.0
ڈیوڈ وارنر کیچ پرسنا بولڈ مالنگا 9 12 1 0 75.0
اسٹیون اسمتھ کیچ پیریرابولڈ دلشان 72 88 7 1 81.82
مائیکل کلارک بولڈ مالنگا 68 68 6 0 100.0
گلین میکس ویل کیچ مالنگا بولڈ پیریرا 102 53 10 4 192.45
شین واٹسن کیچ چندیمال بولڈ پیریرا 67 41 7 2 163.41
جیمز فاکنر رن آؤٹ (پیریرا) 0 1 0 0 0.0
بریڈ ہیڈن کیچ پیریرابولڈ میتھیوز 25 9 4 1 277.78
مچل جانسن ناٹ آؤٹ 3 3 0 0 100.0
مچل اسٹارک رن آؤٹ (میتھیوز) 0 0 0 0 0.0
زاویئر ڈوہرٹی ناٹ آؤٹ 0 1 0 0 0.0
فاضل رنز ب 1، ل ب 1، و 4 6
کل رنز 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 376
گیندبازی (سری لنکا) اوورز میڈنز رنز وکٹیں نو-بالز وائیڈز اکانمی ریٹ
لاستھ مالنگا 10.0 0 59 2 0 1 5.9
سچیتھرا سینانائیکے 9.0 0 59 0 0 0 6.55
اینجلو میتھیوز 7.0 0 59 1 0 2 8.42
سیکوگے پرسنا 10.0 0 77 1 0 0 7.7
تھیسارا پیریرا 9.0 0 87 2 0 1 9.66
تلکارتنے دلشان 5.0 0 33 1 0 0 6.6
 سری لنکا (ہدف: 377 رنز) رنز گیندیں چوکے چھکے اسٹرائیک ریٹ
لاہیرو تھریمانے کیچ ہیڈن بولڈ جانسن 1 5 0 0 20.0
تلکارتنے دلشان ایل بی ڈبلیو فاکنر 62 60 8 0 103.33
کمار سنگاکارا کیچ فنچ بولڈ فاکنر 104 107 11 0 97.2
مہیلا جے وردھنے رن آؤٹ (اسٹارک) 19 22 1 0 86.36
ایک میتھیوز کیچ ہیڈن بولڈ واٹسن 35 31 2 1 112.9
دنیش چندیمال ریٹائرڈ ہرٹ 52 24 8 1 216.67
تھیسارا پیریرا کیچ ڈوہرٹی بولڈ جانسن 8 3 2 0 266.67
اوپل تھارنگا کیچ وارنر بولڈ فاکنر 4 5 0 0 80.0
سیکوگے پرسنا بولڈ اسٹارک 9 11 1 0 81.82
سچیتھرا سینانائیکے کیچ ڈوہرٹی بولڈ اسٹارک 7 8 1 0 87.5
لاستھ مالنگا ناٹ آؤٹ 0 2 0 0 0.0
فاضل رنز ب 2، ل ب 5، و 4 11
کل رنز 46.2 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 312
گیندبازی (آسٹریلیا) اوورز میڈنز رنز وکٹیں نو-بالز وائیڈز اکانمی ریٹ
مچل اسٹارک 8.2 0 29 2 0 1 3.48
مچل جانسن 9.0 0 62 2 0 2 6.88
شین واٹسن 7.0 0 71 1 0 0 10.14
زاویئر ڈوہرٹی 7.0 0 60 0 0 0 8.57
گلین میکس ویل 6.0 0 35 0 0 0 5.83
جیمز فاکنر 9.0 0 48 3 0 1 5.33