محمود اللہ نے نئی تاریخ رقم کردی

0 1,051

انگلستان کے خلاف عالمی کپ 2015ء کے اہم ترین مقابلے میں بنگلہ دیش کے محمود اللہ نے ایک نئی تاریخ رقم کی، جب وہ اپنے ملک کی طرف سے سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بنے۔

ایک ایسے عالمی کپ میں جہاں سنچریوں کی گنگا بہہ رہی ہے، محمود اللہ نے بھی ایک بہترین اننگز کے ذریعے اپنے ہاتھ دھوئے۔ انہوں نے 138 گیندیں کھیلیں اور 103 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ اس سے قبل کسی بھی عالمی کپ میں بنگلہ دیش کے کسی کھلاڑی کی سب سے بڑی اننگز 95 رنز کی تھی جو حالیہ عالمی کپ میں ہی تمیم اقبال نے 95رنز کے ذریعے کھیلی تھی۔

محمود اللہ کی اننگز صرف سنچری کی وجہ سے ہی سے یاد نہیں رکھی جائے گی بلکہ وہ اس وقت میدان میں اترے تھے جب ٹیم سخت مشکلات سے دوچار تھی۔ یہاں انہوں نے پہلے سومیا سرکار کے ساتھ 86 رنز کی شراکت داری قائم کی اور پھر پانچویں وکٹ پر مشفق الرحیم کے ساتھ 141 رنز کا اضافہ کرکے ایک بڑے اسکور کی مضبوط بنیاد رکھی۔ ان کی سنچری اننگز کی بدولت بنگلہ دیش 275 رنز بنانے میں کامیاب ہوا اور ان کی اننگز انگلستان کو تاریخی شکست دینے میں کلیدی اہمیت کی حامل ثابت ہوئی۔ بنگلہ دیش اس فتح کی بدولت کوارٹر فائنل تک پہنچ چکا ہے جبکہ انگلستان کی عالمی کپ مہم کا خاتمہ ہوگیا ہے۔

عالمی کپ میں بنگلہ دیش کے بلے بازوں کی بہترین اننگز

بلے باز ملک رنز گیندیں چوکے چھکے بمقابلہ بمقام بتاریخ
محمود اللہ  بنگلہ دیش 103 138 7 2 انگلستان ایڈیلیڈ 9 مارچ 2015ء
تمیم اقبال  بنگلہ دیش 95 100 9 1 اسکاٹ لینڈ نیلسن 5 مارچ 2015ء
مشفق الرحیم  بنگلہ دیش 89 77 8 1 انگلستان ایڈیلیڈ 9 مارچ 2015ء
محمد اشرفل  بنگلہ دیش 87 83 12 0 جنوبی افریقہ پروویڈنس 7 اپریل 2007ء
امر القیس  بنگلہ دیش 73* 113 6 0 نیدرلینڈز چٹاگانگ 14 مارچ 2011ء