آئرش کپتان بھارت سے مقابلے کے لیے پرعزم

0 1,042

عالمی کپ 2015ء کے کوارٹر فائنل تک رسائی کے لیے مصروف عمل آئرلینڈ کے کپتان ولیم پورٹرفیلڈ کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ بھارت آرام کی غرض سے اپنے چند کھلاڑیوں کو نہ کھلائے، لیکن اس کے باوجود انہیں ایسا نہیں لگتا کہ دفاعی چیمپئن آئرلینڈ کے خلاف کسی قسم کی بے پروائی کرے گا۔

ویسٹ انڈیز، زمبابوے اور متحدہ عرب امارات کو شکست دینے کے بعد اب آئرلینڈ کو بہت سخت امتحان کا سامنا ہے، کیونکہ اسے کوارٹر فائنل تک پہنچنے کے لیے اپنے آخری دو میں سے کم از کم ایک میچ لازمی جیتنا ہے اور یہ دونوں مقابلے بھارت اور پاکستان کے خلاف ہیں۔ منگل کو ہملٹن کے مقام پر آئرلینڈ کا سامنا دفاعی چیمپئن بھارت سے ہوگا جو اب تک عالمی کپ میں ناقابل شکست رہا ہے۔

ولیم پورٹرفیلڈ نے کہا کہ "مجھے نہیں لگتا کہ وہ بے پروائی برتیں گے۔ اُن کے پاس بھی 15 کھلاڑی ہیں، جسے چاہیں کھلائیں لیکن یہ ایک طویل ٹورنامنٹ ہے اور وہ فارم نہیں کھونا چاہیں گے۔ وہ جو بھی فیصلہ کرتے ہیں، اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ہمیں صرف اپنی فارم برقرار رکھنی ہے اور معمولی چیزوں کو بہتر بناتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔"

گروپ 'اے' میں تو کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی چاروں ٹیموں کا تعین ہو چکا ہے لیکن گروپ 'بی' میں آئرلینڈ کی شاندار فتوحات کی وجہ سے ہی اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آگے کون پہنچے گا؟ پاکستان، ویسٹ انڈیز یا آئرلینڈ ؟ آئرلینڈ کی کوشش ہوگی وہ معاملے کو پاکستان کے خلاف آخری مقابلے تک نہ لٹکائے اور بھارت کے خلاف مقابلے میں ہی فیصلہ کن ضرب لگا کر اپنی نشست پکی کرے۔