سنگاکارا جلد ٹیسٹ کو بھی خیرباد کہہ دیں گے

0 1,032

اگر اپنے عروج کے زمانے میں کرکٹ چھوڑ دینے کی زندہ مثال تلاش کرنی ہو تو سری لنکا کے کمار سنگاکارا کو دیکھ لیں۔ انہوں نے سب سے پہلے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ چھوڑی، وہ بھی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتنے کے ساتھ، پھر عالمی کپ 2015ء کے بعد ایک روزہ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا ۔ سری لنکا عالمی کپ جیتتا ہے یا نہیں یہ طے ہونا ابھی باقی ہے لیکن سنگاکارا خوب رنز لوٹ رہے ہیں۔ وہ عالمی کپ کی تاریخ میں مسلسل تین سنچریاں بنانے والے پہلے بلے باز بن چکے ہیں اور اب انہوں نے اعلان کردیا ہے کہ وہ رواں سال اگست میں بھارت کے خلاف سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو بھی الوداع کہہ دیں گے۔

سری لنکا اور بھارت کے درمیان تین ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز کا آغاز جولائی میں ہوگا اور سنگاکارا کہتے ہیں کہ یہی ان کا آخری ٹیسٹ امتحان ہوگا، اس کے بعد وہ ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔

کمار سنگاکارا کے علاوہ دوسرے تجربہ کار بلے باز مہیلا جے وردھنے بھی عالمی کپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ چھوڑ دیں گے۔ اسی طرح جیسے دونوں نے 2014ء ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد مختصر ترین طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہا تھا۔ دونوں کے خیرباد کہنے کے بعد ٹیم لنکا کے مستقبل کے بارے میں کمار سنگاکارا نے کہا کہ یہ سوچ غلط ہے کہ سینئر کھلاڑی ہی کا کردار اہم ہوتا ہے، میرے خیال میں لاہیرو تھریمانے اور دنیش چندیمال جیسے نوجوان بھی سینئر کھلاڑیوں کی کمی پوری کرسکتے ہیں۔

سری لنکا عالمی کپ 2015ء کے کوارٹر فائنل تک رسائی پا چکا ہے جہاں اس کا مقابلہ ممکنہ طور پر جنوبی افریقہ سے ہوگا۔