جنوبی افریقہ کے نئے کوچ کا اعلان 6 جون کو متوقع

0 1,041

کرکٹ ساؤتھ افریقہ (سی ایس اے) قومی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ کا اعلان 6 جون کو کرے گا۔ سی ایس اے کا خصوصی طور پر متعین کردہ پینل نے پیر کو جوہانسبرگ میں امیدواروں سے ملاقات کی اور آج (منگل کو) امیدواروں کی درخواستوں پر غور کیا۔

بھارت کو عالمی کپ جتوانے والے گیری کرسٹن سب سے مضبوط امیدوار ہیں

انٹرویو کمیٹی میں سی ایس اےکے چیف ایگزیکٹو جیرالڈ مجولا، موجودہ کوچ کوری وان زائل، کرکٹ کمیٹی کے چیئرپرسن اینڈی او کونر، پلیئرز ایسوسی ایشن کے نمائندے بوئٹا ڈپنار، سلیکٹرز کے کنوینر اینڈریو ہڈسن اور ایک ہیومن ڈیولپمنٹ ماہر پروفیسر یوہان کوئٹزی شامل ہیں۔

گو کہ سی ایس اے نے شریک امیدواروں کی مختصر فہرست جاری نہیں کی ہے، البتہ معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو نے دو امیدواروں کے ناموں کی تصدیق کی ہے جس کے مطابق عالمی کپ 2011ء میں بھارت کی کوچنگ کرنے والے گیری کرسٹن اور پاکستان کے سابق کوچ رچرڈ پائی بس شامل ہیں۔ ابتداء میں یہ فہرست 6 امیدواروں پر مشتمل تھی۔

ان امیدواروں میں بلاشبہ گیری کرسٹن سب سے مضبوط امیدوار ہوں گے جن کے دو سالہ عہد میں بھارت نے نہ صرف ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست مقام حاصل کیا بلکہ ایک روزہ کرکٹ کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ آئی سی سی ورلڈ کپ 2011ء میں بھی فتح حاصل کی۔ انہوں نے عالمی کپ کے فوراً بعد اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کی کوچنگ سے استعفیٰ دیا تھا۔

دوسرے امیدوار رچرڈ پائی بس اس وقت جنوبی افریقہ کی مقامی کرکٹ ٹیم کیپ ٹاؤن کوبراز کے کوچ ہیں۔ وہ ماضی میں پاکستان کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں اور انہی کی زیر نگرانی پاکستان عالمی کپ 1999ء کے فائنل تک پہنچا تھا۔ 2003ء کے عالمی کپ میں پاکستان کی بدترین شکست کے بعد انہیں ایک مرتبہ پھر پاکستان کی کوچنگ کا موقع ملا۔

کہا جا رہا ہے کہ ممکنہ امیدواروں میں ڈنکن فلیچر اور جان بکانن کے نام بھی موجود تھے تاہم وہ دونوں اب بالترتیب بھارت اور نیوزی لینڈ میں اپنے عہدے سنبھال چکے ہیں۔ کرک انفو کے مطابق دیگر امیدواروں میں ٹام موڈی، اسٹیفن فلیمنگ اور ونسنٹ بارنیس شامل ہیں۔