آئرلینڈ بھی بھارت کے لیے رکاوٹ نہ بن سکا، مسلسل پانچویں جیت

0 1,101

شیکھر دھاون اور روہیت شرما کی ریکارڈ شراکت اور اس سے پہلے گیندبازی کے زبردست مظاہرے کی بدولت بھارت نے عالمی کپ میں آئرلینڈ کو بھی 8 وکٹوں سے ہرا دیا ہے اور یوں رواں عالمی کپ میں اپنی فتوحات کے سلسلے کو دراز کرتے ہوئے پانچ تک پہنچا دیا ہے۔

ہملٹن میں ہونے والے مقابلے میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی سنبھالی اور بہت اچھا آغاز لیا۔ ایک وقت اُن کا اسکور تین وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز تھا لیکن بھارتی گیندبازوں نے بہترین واپسی کر کے صرف 6.3 اوورز میں 32 رنز کے اند چھ وکٹیں گرا دیں اور اس کے نتیجے میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم 49 اوورز میں 259 رنز پر سمٹ گئی۔ آئرلینڈ کی طرف سے کپتان ولیم پورٹرفیلڈ اور نیال اوبرائن نے نصف سنچریاں بنائیں اور انہوں نے بالترتیب 67 اور 75 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔

جواب میں شیکھر دھاون نے 85 گیندوں پر 100 رنز بنائے جو رواں عالمی کپ میں ان کی دوسری اور مجموعی طور پر آٹھویں ایک روزہ سنچری ہے۔ انہوں نے اور 64 رنز بنانے والے روہیت شرما کے ساتھ مل کر 174 رنز کی ابتدائی شراکت داری قائم کی اور بھارتی اننگز کی مضبوط آغاز فراہم کیا۔ یہ عالمی کپ میں بھارت کی جانب سے پہلی وکٹ کی بہترین رفاقت بھی تھی۔ بعد ازاں، ویراٹ کوہلی نے 44 اور اجنکیا راہانے نے 33 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو بآسانی ہدف تک پہنچا دیا۔ بھارت نے یہ ہدف 36.5 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر مکمل کیا۔

بھارت نے رواں عالمی کپ میں تا حال اپنے پانچوں مقابلے جیتے ہیں جس سے اُس کے دس پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ مجموعی طور پر یہ دفاعی چیمپئن کی عالمی کپ میں مسلسل نویں جیت ہے جو کہ اُس کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔ وہ پچھلے عالمی کپ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد سے اب تک ٹورنامنٹ میں کوئی مقابلہ نہیں ہارا۔ دوسری جانب پانچ مقابلوں میں یہ آئرلینڈ کی دوسری شکست ہے لیکن اس کے باوجود وہ کوارٹر فائنل میں پہنچنے کی دوڑ میں اب بھی موجود ہے۔

نیوزی لینڈ میں عالمی کپ کا پہلا مقابلہ کھیلتے ہوئے بھارت کے گیندبازوں نے بہت عمدہ کارکردگی دکھائی خاص طور پر محمد شامی کی تین وکٹوں اور روی چندر آشون کے دو شکاروں کی بدولت وہ آئرلینڈ کو ایک اوور قبل ہی ایسے مجموعے پر ڈھیر کرنے میں کامیاب ہوا، جو حقیقی پیشرفت سے کم از کم 40 سے 50 رنز پیچھے تھا۔ امیش یادو، موہیت شرما، رویندر جدیجا اور سریش رینا نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ یوں بھارتی گیندبازوں نے لگاتار پانچویں مقابلے میں حریف کو آل آؤٹ کیا، جو ایک حیران کن واقعہ ہے۔

بہرحال، یہ مقابلہ جیت کر رواں عالمی کپ کے گروپ 'بی' میں بھارت کی اول حیثیت مضبوط تر ہوگئی ہے اور اب اسے اس مقام سے کوئی نہیں اتار سکتا۔

جبکہ آئرلینڈ 15 مارچ کو پاکستان کے خلاف اپنا آخری اور اہم ترین مقابلہ کھیلے گا جو اب پری-کوارٹر فائنل کی صورت اختیار کر گيا ہے کیونکہ جو جیتے گا وہ اگلے مرحلے میں جگہ پائے گا اور جو شکست کھائے گا اس کی قسمت کا فیصلہ ویسٹ انڈیز کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ ہوگا۔

بھارت بمقابلہ آئرلینڈ

عالمی کپ 2015ء - چونتیسواں مقابلہ

بتاریخ: 10 مارچ 2015ء

بمقام: سیڈن پارک، ہملٹن، نیوزی لینڈ

نتیجہ: بھارت 8 وکٹوں سے جیت گیا

میچ کے بہترین کھلاڑی: شیکھر دھاون

آئرلینڈ رنز گیندیں چوکے چھکے اسٹرائیک ریٹ
ولیم پورٹرفیلڈ ک یادو ب شرما 67 93 5 1 72.04
پال اسٹرلنگ ک راہانے ب آشون 42 41 4 2 102.44
ایڈ جوائس ب رینا 2 9 0 0 22.22
نیال اوبرائن ک یادو ب شامی 75 75 7 3 100.0
اینڈی بالبرنی ک شامی ب آشون 24 24 3 0 100.0
کیون اوبرائن ک دھونی ب شامی 1 2 0 0 50.0
گیری ولسن ک راہانے ب جدیجا 6 7 1 0 85.71
اسٹورٹ تھامسن رن آؤٹ (شامی) 2 2 0 0 100.0
جان مونی ناٹ آؤٹ 12 16 1 0 75.0
جارج ڈوکریل ک دھونی ب یادو 6 12 0 1 50.0
ایلکس کوسیک ک یادو ب شامی 12 16 1 0 75.0
فاضل رنز ل ب 2، و 9 11
کل رنز 49 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 259
گیندبازی (بھارت) اوورز میڈنز رنز وکٹیں نو-بالز وائیڈز اکانمی ریٹ
امیش یادو 4.0 0 34 1 0 1 8.5
محمد شامی 9.0 0 41 3 0 5 4.55
موہیت شرما 6.0 0 38 1 0 3 6.33
رویندر جدیجا 7.0 0 45 1 0 0 6.42
روی چندر آشون 10.0 1 38 2 0 0 3.8
سریش رینا 10.0 0 40 1 0 0 4.0
روہیت شرما 3.0 0 21 0 0 0 7.0
بھارت (ہدف: 260 رنز) رنز گیندیں چوکے چھکے اسٹرائیک ریٹ
روہیت شرما ب تھامسن 64 66 3 3 96.97
شیکھر دھاون ک پورٹرفیلڈ ب تھامسن 100 85 11 5 117.65
ویراٹ کوہلی ناٹ آؤٹ 44 42 4 1 104.76
اجنکیا راہانے ناٹ آؤٹ 33 28 6 0 117.86
فاضل رنز ب 4، ل ب 2، و 13 19
کل رنز 36.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 260
گیندبازی (آئرلینڈ) اوورز میڈنز رنز وکٹیں نو-بالز وائیڈز اکانمی ریٹ
جان مونی 6.0 0 44 0 0 4 7.33
ایلکس کوسیک 8.0 0 43 0 0 1 5.37
اسٹورٹ تھامسن 6.0 0 45 2 0 4 7.5
جارج ڈوکریل 5.0 0 44 0 0 0 8.8
پال اسٹرلنگ 5.0 0 36 0 0 0 7.2
کیون اوبرائن 6.5 0 42 0 0 0 6.14