عرب امارات کو زیر کرکے جنوبی افریقہ کوارٹر فائنل میں

0 1,057

جنوبی افریقہ نے متحدہ عرب امارات کو 146 رنز سے شکست دے کر عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ مضبوط کرلی ہے لیکن اس مارجن سے جیتنے کے باوجود کچھ کمی دکھائی دی، وہ غلبہ نظر نہ آیا جو جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کے خلاف مقابلوں میں پایا تھا۔ بہرحال، آخری مقابلے میں نتیجہ جیت کی صورت میں نکلا ہے، اگلے مرحلے کی نشست مل گئی ہے تو "سب اچھا ہے" اور اب نظریں بھی آگے کی طرف ہی ہونی چاہئیں۔

عالمی کپ سے پہلے ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ شاید ہی جنوبی افریقہ کو کوئی ٹیم جھکا پائے لیکن گروپ مرحلہ مکمل ہوتے ہی ثابت ہوگیا کہ جو رعب و دبدبہ تھا، وہ ختم ہو چکا ہے۔ لیکن قسمت اچھی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے خلاف اہم مقابلوں میں شکست کے باوجود جنوبی افریقہ کی گروپ 'بی' میں دوسری پوزیشن یقینی ہے۔ اب اسے اپنے سب سے بڑے امتحان پر پورا اترنا ہے، جس میں وہ ہمیشہ ناکام ہوا ہے، یعنی عالمی کپ میں ناک آؤٹ مرحلہ کہ جہاں وہ کبھی بھی نہیں جیت سکا۔

ویلنگٹن کے ویسٹ پیک اسٹیڈیم میں ہونے والے اس مقابلے سے قبل متحدہ عرب امارات کے کپتان محمد توقیر نے کہا تھا کہ جنوبی افریقہ ہمارے خلاف 400 رنز بناتا نہیں دکھائی دیتا اور انہوں نے یہ بات محض ہوا میں نہیں پھینکی تھی بلکہ ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ دے کر اسے چیلنج بھی دیا۔ جنوبی افریقہ نے اوپنرز ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کوک کی ناکامی کے بعد نصف درجن بھر مواقع ملنے کے بعد ابراہم ڈی ولیئرز، ڈیوڈ ملر اور فرحان بہاردین کی اننگز کے بل بوتے پر 341 رنز بنائے۔ ڈی ولیئرز، جو 10 رنز پر امپائر کے ایل بی ڈبلیو کے فیصلے سے بھی بچے تھے اور بعد ازاں متعدد مواقع پر حریف فیلڈرز کی نااہلی سے بھی، اپنی 21 ویں ایک روزہ سنچری سے محض ایک رن کے فاصلے پر آؤٹ ہوگئے۔ 82 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں سے مزین اننگز اس وقت ختم ہوئی جب جنوبی افریقہ 43 ویں اوور میں صرف 257 رنز پر کھڑا تھا۔ ان سے قبل ڈیوڈ ملر 48 گیندوں پر 49 رنز بنانے کے بعد نصف سنچری کے سنگ میل سے پہلے دھر لیے گئے۔ اس مرحلے پر جس بلے باز نے جنوبی افریقہ کو رفتار کی زبردست قوت دی وہ فرحان بہاردین تھے۔ جنہوں نے صرف 31 گیندوں پر 64 رنز بنائے اور آخری اوور میں بننے والے 25 رنز کی بدولت جنوبی افریقہ 341 رنز تک پہنچ گیا۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے محمد نوید نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک، ایک کھلاڑیوں کو کامران شہزاد، امجد جاوید اور محمد توقیر نے آؤٹ کیا۔

اب جنوبی افریقہ کی شہرۂ آفاق گیندبازی کے سامنے متحدہ عرب امارات کے بلے بازوں کی دال کہاں سے گلتی۔ خاص طور پر جب مورنے مورکل، ڈیل اسٹین اور ویرنن فلینڈر کے تابڑ توڑ باؤنسرز پڑے تو ان کے رہے سہے حوصلے بھی تمام ہوگئے۔ 45 رنز پر تین بلے بازوں کے آؤٹ ہوجانے کے بعد عالمی کپ میں امارات کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے شیمن انور اور وکٹ کیپر سوپنل پٹیل نے قابل ذکر مزاحمتیں کیں اور مجموعے کو 3 اوورز میں 108 رنز تک پہنچایا لیکن اس کے بعد ایک کنارہ کمزور پڑ گیا۔ پٹیل آخر تک جمے رہے اور 100 گیندوں پر 57 رنز بنائے لیکن پوری ٹیم 48 ویں اوور میں 195 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ شیمن نے 64 گیندوں پر 39 رنز اسکور کیے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ویرنن فلینڈر، مورنے مورکل اور ڈی ولیئرز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک، ایک کھلاڑی کو اسٹین، ژاں-پال دومنی اور عمران طاہر نے آؤٹ کیا۔

اب پروٹیز کا پہلا مرحلہ تو تمام ہوا لیکن امارات نے ابھی اپنا آخری مقابلہ کھیلنا ہے جو اتوار کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوگا۔

جنوبی افریقہ بمقابلہ متحدہ عرب امارات

عالمی کپ 2015ء - چھتیسواں مقابلہ

بتاریخ: 12 مارچ 2015ء

بمقام: ویسٹ پیک اسٹیڈیم، ویلنگٹن، نیوزی لینڈ

نتیجہ: جنوبی افریقہ 146 رنز سے جیت گیا

میچ کے بہترین کھلاڑی: ابراہم ڈی ولیئرز

 جنوبی افریقہ رنز گیندیں چوکے چھکے اسٹرائیک ریٹ
ہاشم آملہ ک علی ب نوید 12 16 3 0 75.0
کوئنٹن ڈی کوک ک حیدر ب جاوید 26 45 2 0 57.78
ریلی روسو ک و ب توقیر 43 49 8 0 87.76
ابراہم ڈی ولیئرز ک جاوید ب شہزاد 99 82 6 4 120.73
ڈیوڈ ملر ب نوید 49 48 2 0 102.08
ژاں-پال دومنی ایل بی ڈبلیو نوید 23 28 1 0 82.14
فرحان بہاردین ناٹ آؤٹ 64 31 5 3 206.45
ویرنن فلینڈر ناٹ آؤٹ 10 6 1 0 166.67
فاضل رنز ب 4، ل ب 1، و 5، ن ب 5 15
کل رنز 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 341
گیندبازی (متحدہ عرب امارات) اوورز میڈنز رنز وکٹیں نو-بالز وائیڈز اکانمی ریٹ
محمد نوید 10.0 0 63 3 3 1 6.3
کامران شہزاد 8.0 0 59 1 1 0 7.37
امجد جاوید 10.0 0 87 1 1 2 8.7
محمد توقیر 10.0 0 47 1 0 1 4.7
فہد الہاشمی 7.2 0 45 0 0 1 6.13
خرم خان 4.0 0 31 0 0 0 7.75
شیمن انور 0.4 0 4 0 0 0 6.06
 متحدہ عرب امارات (ہدف: 342 رنز) رنز گیندیں چوکے چھکے اسٹرائیک ریٹ
امجد علی ک بہاردین ب دومنی 21 36 3 0 58.33
آندری برنجر ک روسو ب مورکل 5 21 1 0 23.81
خرم خان ک کوک ب مورکل 12 17 2 0 70.59
شیمن انور ک روسو ب طاہر 39 64 5 0 60.94
سوپنل پٹیل ناٹ آؤٹ 57 100 5 0 57.0
ثقلین حیدر ک روسو ب ڈی ولیئرز 7 12 1 0 58.33
امجد جاوید ک متبادل ب ڈی ولیئرز 5 4 1 0 125.0
محمد نوید ک ڈی ولیئرز ب فلینڈر 17 15 2 1 113.33
محمد توقیر ب اسٹین 3 16 0 0 18.75
خرم شہزاد ک اسٹین ب فلینڈر 0 3 0 0 0.0
فاضل رنز ب 4، ل ب 16، و 6، ن ب 3 29
کل رنز 47.3 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 195
گیندبازی (جنوبی افریقہ) اوورز میڈنز رنز وکٹیں نو-بالز وائیڈز اکانمی ریٹ
ڈیل اسٹین 9.0 1 40 1 0 0 4.44
ویرنن فلینڈر 8.3 1 34 2 1 1 4.0
مورنے مورکل 10.0 2 23 2 2 1 2.3
ژاں-پال دومنی 3.0 1 12 1 0 0 4.0
فرحان بہاردین 4.0 1 11 0 0 2 2.75
عمران طاہر 10.0 0 40 1 0 1 4.0
ابراہم ڈی ولیئرز 3.0 0 15 2 0 1 5.0