جیسن ہولڈر کے حامیوں میں نیا اضافہ، برائن لارا میدان میں

0 1,028

دو مرتبہ کا عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز اب زوال کی اس گہرائی میں پہنچ گیا ہے کہ عالمی کپ 2015ء میں آخری گروپ مقابلے تک بھی یہ بات یقینی نہیں کہ وہ اگلا مرحلہ کھیلے گا یا نہیں۔ پے در پے شکستوں کے بعد جو کسر باقی رہ گئی تھی وہ اہم کھلاڑیوں کی بغاوت سے پوری ہوچکی ہے اور اب عالمی کپ میں قیادت نوجوان جیسن ہولڈر کے ہاتھوں میں ہے، جن کو آغاز ہی میں سخت مسائل درپیش ہیں۔ البتہ لیجنڈری بلے باز برائن لارا ہولڈر سے کافی متاثر دکھائی دیتے ہیں اور ان کی آل راؤنڈ کارکردگی سے خوش ہیں۔

برائن لارا کہتے ہیں کہ "میں جیسن ہولڈر کا فین ہوں۔ اُن کی قیادت کو پسند کرتا ہوں اور اس عالمی کپ میں وہ اچھی کپتانی کر رہے ہیں۔ میں انہیں ایسے کپتان کے روپ میں دیکھ رہا ہوں، جو آئندہ کئی سالوں تک ویسٹ انڈیز کی قیادت کر سکتے ہیں۔" جنوبی افریقہ اور بھارت کے خلاف کارکردگی پر لارا نے کہا کہ ہولڈر کی بلے بازی دیکھ کر کئی سینئر کھلاڑیوں کے سر شرم سے جھک جانے چاہئیں۔

ویسٹ انڈیز کی قیادت کرنے سے قبل ہولڈر کے پاس صرف 21 ایک روزہ مقابلوں کا تجربہ تھا اور وہ ڈیوین براوو کے اخراج کے بعد اس اہم منصب پر فائز ہوئے تھے۔ ویسٹ انڈیز کے سابق کوچ اوٹس گبسن نے کہا تھا کہ ہولڈر وقت کے ساتھ ساتھ ایک اچھے کپتان بن سکتے ہیں لیکن اس کے لیے انہیں خود کو جلد از جلد بہتر بنانے پر کام کرنا ہوگا۔ اس میں لارا کا کہنا ہے کہ "ہولڈر کو دیکھ کر اندازہ ہوجاتا ہے کہ وہ تیزی سے سیکھنے والے کھلاڑی ہیں اور مجھے امید ہے کہ وہ جلد ہی یہ ثابت کریں گے۔"

کوارٹر فائنل تک رسائی کا معاملہ ابھی تک واضح نہیں لیکن لارا سمجھتے ہیں اگر ویسٹ انڈیز ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گیا تو پھر کچھ بھی ہونا ممکن ہے۔

ویسٹ انڈیز کو عالمی کپ میں اپنے آخری گروپ مقابلے میں متحدہ عرب امارات کو بڑے فرق سے شکست دینا ہوگی تاکہ وہ آئرلینڈ اور پاکستان کے مقابلے میں شکست کھانے والی ٹیم کو نیٹ رن ریٹ پر پچھاڑ دے اور کوارٹر فائنل میں پہنچ جائے۔ یہ دونوں مقابلے کل یعنی اتوار کو کھیلے جائیں گے، جو عالمی کپ 2015ء کے گروپ مرحلے کا آخری دن ہے۔