ناقابل شکست نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں

3 1,107

1992ء میں جب آخری بار گھریلو میدانوں پر عالمی کپ کھیلا گیا تھا تو نیوزی لینڈ نے اپنے ابتدائی تمام مقابلے جیتے، یہاں تک کہ اس کا مقابلہ پاکستان سے ہوا، جہاں عمران خان نے تاریخ کا دھارا پلٹ دیا۔ نہ صرف راؤنڈ رابن مرحلے کے آخری مقابلے میں، بلکہ سیمی فائنل میں بھی پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی اور پہلی، و آخری، بار عالمی چیمپئن بنا بلکہ نیوزی لینڈ کے عالمی کپ جیتنے کے سنہرے موقع کو بھی ختم کردیا۔ اب 23 سال بعد نیوزی لینڈ کو روکنے والی کوئی قوت نہیں دکھائی دیتی۔ تمام گروپ مقابلے جیتنے کے بعد ناک-آؤٹ مرحلے میں اس نے ویسٹ انڈیز کو چاروں خانے چت کرتے ہوئے ساتویں بار سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ یعنی عمران خان نےدرست سمت میں جاتی جس تاریخ کو بدل دیا تھا، اب اسے حقیقی راستے پر ڈالنے کا خواہشمند ہے۔

ویلنگٹن میں کھیلے گئے عالمی کپ 2015ء کے چوتھے کوارٹر فائنل کی سب سے خاص بات مارٹن گپٹل کی ڈبل سنچری تھی۔ جی ہاں! عالمی کپ میں ایک اور ڈبل سنچری بن چکی ہے۔ اب تو 200 رنز کا ہندسہ ایسے عبور ہو رہا ہے جیسے کہ کبھی سنچریاں بنا کرتی تھیں۔ بہرحال، گپٹل کی اس اننگز کی داد نہ دینا زیادتی ہوگی، اگر وہ اس پر مارلون سیموئلز کا شکریہ ادا نہ کریں تب بھی۔ کیونکہ سیموئلز نے پہلے ہی اوور میں اس وقت گپٹل کا کیچ چھوڑا تھا جب وہ محض 4 رنز پر کھیل رہے تھے۔ اس کے بعد گویا ہر چوکا اور چھکا کوڑے کی طرح سیموئلز پر پڑا ہوگا کیونکہ اس کے بعد گپٹل نے 163 گیندوں پر 237 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ جس میں 11 چھکے اور 24چوکے شامل تھے، جن میں سے آخری اوور میں لگایا گیا ایک چھکا ویسٹ پیک اسٹیڈیم کی چھت پر جاگرا۔ 110 میٹر کی دوری پر گرنے والا یہ ٹورنامنٹ کا اب تک کا سب سے بڑا چھکا تھا۔

نیوزی لینڈ کی اننگز کو تحریک دینے والی واحد باری یہی تھی، کوئی بلے باز ایسی باری نہ کھیل سکا جس کاذکر کیا جائے۔ چلیں، روس ٹیلر ہی کو لے لیتے ہیں، جنہوں نے تیسری وکٹ پر گپٹل کے ساتھ 143 رنز جوڑے، لیکن اس میں ان کا حصہ محض 42 رنز کا رہا اور وہی مارٹن کے بعد دوسرے اہم ترین بلے باز تھے۔

گپٹل نے نہ صرف اسی عالمی کپ میں کرس گیل کا بنایا گیا ٹورنامنٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ توڑا بلکہ دیگر کئی اعزازات بھی اپنے نام کیے۔ نیوزی لینڈ کے کسی بھی بلے باز کی سب سے بڑی ایک روزہ اننگز، جس کے لیے انہوں نے اپنا ہی ریکارڈ توڑا اور ساتھ ہی نیوزی لینڈ کو بھی 393 رنز کے بڑےمجموعے تک پہنچایا۔ جس میں سے 153 رنز آخری 10 اوورز میں بنے تھے۔ گپٹل نے اننگز کو کس طرح اگلے گیئر میں ڈالا، اندازہ لگائیں کہ اپنی پہلی 120 گیندوں پر انہوں نے 117 رنز ہی بنائے تھے لیکن آخری 43 گیندوں پر 120 رنز کا اضافہ کرکے 237 رنز تک پہنچ گئے۔

ویسٹ انڈیز کے لیے یہ پہلا موقع نہیں تھا کہ اس کے گیندبازوں نے آخری اوورز میں اس بری طرح مار کھائی ہو۔ گروپ مرحلے میں جنوبی افریقہ کے بلے بازوں نے آخری 10 اوورز میں 163 رنز لوٹے تھے، اب کوارٹر فائنل جیسے اہم مقابلے میں 153 رنز کھا کر انہوں نے خود ہی اپنی شکست کا سامنا کیا۔ اعدادوشمار ہی ظاہر کرنے کے لیے کافی ہیں۔ جیروم ٹیلر 7 اوورز میں 71 رنز، جیسن ہولڈر 8 میں 76 اور آندرے رسل 10 میں 96 ۔ وکٹیں البتہ 6 حاصل کرنے میں کامیاب رہے لیکن جس وکٹ پر قابو پانا تھا، اسی کا موقع ضائع کیا۔

اب ویسٹ انڈیز کے سامنے 394 رنز کا ایسا ہدف تھا جو تقریباً ناممکنات میں سے تھا۔ ابتداء ہی میں وکٹیں گرنے سے اس خدشے پر مہر بھی ثبت ہوگئی۔ دوسرے اوور میں جانسن چارلس آؤٹ ہوئے، محض 27 رنز پر لینڈل سیمنز کی وکٹ گری اور جب حالات سنبھلتے دکھائی دے رہے تھے۔ رنز تیزی بن رہے تھے، گیل کا بلّا بھی خوب چل رہا تھا تو سیموئلز کو دن کا دوسرا دھچکا پہنچا۔ ڈیپ پوائنٹ کی جانب کھیلا گیا ان کا شاٹ جو چھکے کے لیے جارہا تھا، ڈینیل ویٹوری کے ایک شاندار کیچ میں بدل گیا۔ صرف 9 اوورز میں ویسٹ انڈیز 80 رنز تک پہنچ چکا تھا لیکن ٹرینٹ کے ایک ہی اوور میں سیموئلز اور دنیش رامدین کی وکٹوں نے میچ کے جھکاؤ کا حقیقی فیصلہ کردیا۔

کرس گیل نے 33 گیندوں پر 61 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 8 چھکے اور 2 چوکے بھی شامل تھے، یہاں تک کہ وہ ایڈم ملنے کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ یوں صرف 120 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ آنے والے کھلاڑیوں میں بلّے سے تو سب سے خوب چلائے لیکن ویسٹ انڈیز کو وکٹوں کی ضرورت تھی، جو ان کے پاس تھی ہی نہیں۔ ڈیرن سیمی 16 گیندوں پر 27، آندرے رسل 11 پر 20 اور کپتان جیسن ہولڈر 26 پر 42رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور اس کے ساتھ ہی 31 ویں اوور میں قصہ 250رنز پر ہی تمام ہوگیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 4 وکٹیں حاصل کیں اور یوں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے عالمی کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیندبازوں میں سرفہرست آ گئے ہیں۔ ان کے علاوہ دو، دو وکٹیں ٹم ساؤتھی اور ڈینیل ویٹوری نے حاصل کیں۔

اب نیوزی لینڈ 24 مارچ کو آکلینڈ میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیمی فائنل کھیلے گا یعنی عالمی کپ 2015ء میں ہم لازماً ایک نئی ٹیم کو فائنل کھیلتا دیکھیں گے۔ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ دونوں کبھی عالمی کپ کے سیمی فائنل سے آگے نہیں گئے، اس لیے جو بھی جیتا وہ دفاعی چیمپئن بھارت یا میزبان آسٹریلیا کا سامنا کرے گا اور ہو بھی سکتا ہے کہ جیت بھی جائے۔ اب نظریں سیمی فائنلز پر!

نیوزی لینڈ بمقابلہ ویسٹ انڈیز

عالمی کپ 2015ء - چوتھا کوارٹر فائنل

بتاریخ: 21 مارچ 2015ء

بمقام: ویسٹ پیک اسٹیڈیم، ویلنگٹن، نیوزی لینڈ

نتیجہ: نیوزی لینڈ 143 رنز سے جیت گیا

میچ کے بہترین کھلاڑی: مارٹن گپٹل

نیوزی لینڈ رنز گیندیں چوکے چھکے اسٹرائیک ریٹ
مارٹن گپٹل ناٹ آؤٹ 237 163 24 11 145.4
برینڈن میک کولم کیچ ہولڈر بولڈ ٹیلر 12 8 1 1 150.0
کین ولیم سن کیچ گیل بولڈ رسل 33 35 5 0 94.29
روس ٹیلر رن آؤٹ (بین) 42 61 2 0 68.85
کوری اینڈرسن کیچ گیل بولڈ رسل 15 16 1 1 93.75
گرانٹ ایلیٹ ایل بی ڈبلیو ٹیلر 27 11 2 2 245.45
لیوک رونکی کیچ بین بولڈ ٹیلر 9 5 2 0 180.0
ڈینیل ویٹوری ناٹ آؤٹ 8 2 2 0 400.0
فاضل رنز ل ب 2، ن ب 1، و 7 10
کل رنز 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 393
گیندبازی (ویسٹ انڈیز) اوورز میڈنز رنز وکٹیں نو-بالز وائیڈز اکانمی ریٹ
جیروم ٹیلر 7.0 0 71 3 0 0 10.14
جیسن ہولڈر 8.0 0 76 0 0 1 9.5
سلیمان بین 10.0 1 66 0 0 2 6.6
آندرے رسل 10.0 0 96 2 1 2 9.6
ڈیرن سیمی 8.0 0 38 0 0 1 4.75
مارلون سیموئلز 7.0 0 44 0 0 0 6.28
ویسٹ انڈیز (ہدف: 394 رنز) رنز گیندیں چوکے چھکے اسٹرائیک ریٹ
کرس گیل بولڈ ملنے 61 33 2 8 184.85
جانسن چارلس بولڈ بولٹ 3 6 0 0 50.0
لینڈل سیمنز کیچ گپٹل بولڈ بولٹ 12 17 1 1 70.59
مارلون سیموئلز کیچ ویٹوری بولڈ بولٹ 27 15 3 1 180.0
دنیش رامدین ایل بی ڈبلیو بولٹ 0 4 0 0 0.0
جوناتھن کارٹر بولڈ ویٹوری 32 39 4 1 82.05
ڈیرن سیمی کیچ رونکی بولڈ اینڈرسن 27 16 3 1 168.75
آندرے رسل بولڈ ساؤتھی 20 11 1 2 181.82
جیسن ہولڈر کیچ اینڈرسن بولڈ ویٹوری 42 26 5 2 161.54
جیروم ٹیلر کیچ گپٹل بولڈ ساؤتھی 11 12 2 0 91.67
سلیمان بین ناٹ آؤٹ 9 4 2 0 225.0
فاضل رنز و 6 6
کل رنز 30.3 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 250
گیندبازی (نیوزی لینڈ) اوورز میڈنز رنز وکٹیں نو-بالز وائیڈز اکانمی ریٹ
ٹم ساؤتھی 8.0 1 82 2 0 1 10.25
ٹرینٹ بولٹ 10.0 3 44 4 0 2 4.4
ڈینیل ویٹوری 6.3 0 58 2 0 0 8.92
ایڈم ملنے 4.0 0 42 1 0 2 10.5
کوری اینڈرسن 2.0 0 24 1 0 1 12.0