بی سی سی آئی کے چوتھے سالانہ ایوارڈز 31 مئی کو ہوں گے

0 1,032

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے چوتھے سالانہ ایوارڈز کی تقریب 31 مئی بروز منگل ممبئی میں ہوگی۔

اس تقریب کی سب سے اہم بات عالمی کپ 2011ء جیتنے والی بھارت کی قومی کرکٹ ٹیم کی شرکت ہوگی۔ اس کے علاوہ سی کے نائیڈو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ اس ایوارڈ کو جیتنے والے فرد کا نام 27 مئی کو ظاہر کیا جائے گا جسے بعد ازاں تقریب میں ٹرافی اور 15 لاکھ روپے نقد انعام سے نوازا جائے گا۔

تقریب میں 2009-10ء سیزن (یکم اکتوبر 2009ء تا 30 ستمبر 2010ء) میں بین الاقوامی، مقامی اور مختلف عمروں کے ٹورنامنٹس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی اعزازات دیے جائیں گے۔

بھارت کے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کو 2009-10ء میں بھارت کے بہترین کرکٹر کے طور پر پولی امریگر ایوارڈ دیا جائے گا۔ 12 ماہ کے عرصے میں انہوں نے 10 ٹیسٹ مقابلوں میں 82 کی اوسط سے 1064 رنز بنائے جس میں ایک ڈبل سنچری اور پانچ سنچریاں شامل تھیں۔ انہوں نے مذکورہ عرصے میں 12 ایک روزہ مقابلوں میں 69.5 کی اوسط سے 695 رنز بھی بنائے جس میں ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کی تاریخ کی واحد ڈبل سنچری بھی شامل ہے جو انہوں نے فروری 2010ء میں گوالیار میں جنوبی افریقہ کے خلاف بنائی تھی۔ انہوں نے حیدرآباد میں آسٹریلیا کے خلاف 175 رنز کی طویل اننگز بھی اسی عرصے میں کھیلی۔ ٹنڈولکر کو پولی امریگر ایوارڈ کی ٹرافی اور 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔