سب کچا چٹھا کھول دوں گا: آئی سی سی کے صدر کی دھمکی

2 1,067

ابھی بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے صدر مصطفیٰ کمال کا بھارت-بنگلہ دیش مقابلے پر رونا ہی ختم نہیں ہوا تھا کہ عالمی کپ 2015ء کے فائنل میں فاتح کو ٹرافی دینے کے معاملے نے نیا ہنگامہ کھڑا کردیا ہے کیونکہ آئی سی سی نے انہیں عالمی کپ 2015ء کے فائنل میں فاتح ٹیم کو ٹرافی دینے کے آئینی حق سے محروم کرتے ہوئے چیئرمین کو یہ اعزاز دیا۔

عالمی کپ کے فائنل کے بعد آئی سی سی کے چیئرمین نرائن سوامی شری نواسن نے آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک کو ٹرافی دی، حالانکہ ابھی جنوری میں ہی آئی سی سی قوانین میں ترمیم کی گئی تھی کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ٹورنامنٹس میں فاتح کو ٹرافی آئی سی سی صدر دیں گے۔ اب مصطفیٰ کمال نے یہ تک کہہ ڈالا ہے کہ وہ وطن واپس آنے کے بعد آئی سی سی کا کچا چٹھا کھول دیں گے۔ "ٹرافی مجھے دینی چاہیے تھی، یہ میرا قانونی حق تھا لیکن مجھے اس حق سے محروم کیا گیا۔ اب میں وطن واپس جانے کے بعد دنیا کو بتاؤں گاکہ آئی سی سی میں کیا کچھ الٹا سیدھا ہو رہا ہے۔"

یاد رہے کہ مصطفیٰ کمال نے بھارت اور بنگلہ دیش کے مابین کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں چند متنازع فیصلوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا تھا اور یہ تک کہہ ڈالا کہ بھارت کو عالمی کپ جتوانے کے لیے سازشیں کی جارہی ہیں اور بنگلہ دیش کو جان بوجھ کو ہروایا گیا ہے۔ اُن کے اس تبصرے کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے مایوس کن قرار دیا تھا۔