یاسر شاہ بھی زخمی، ذوالفقار بابر طلب

0 1,024

ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ گزشتہ چند ماہ سے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں زخمی ہونے کا "موسم" چل رہا ہے۔ عالمی کپ سے پہلے کئی اہم کھلاڑی زخمی ہو کر باہر ہوئے اور اب بنگلہ دیش کے خلاف سیریز سے پہلے پاکستان اپنا تیسرا زخمی میدان سے باہر بھیج رہا ہے۔ باصلاحیت لیگ اسپن گیندباز یاسر شاہ دورے سے قبل واحد پریکٹس مقابلے کے دوران بایاں انگوٹھا زخمی کر بیٹھے ہیں اور یوں دورۂ بنگلہ دیش سے باہر ہوگئے ہیں۔ پاکستان نے ان کی جگہ 36 سالہ ذوالفقار بابر کو طلب کرلیا ہے۔ فتح اللہ میں کھیلے گئے مقابلے کے دوران یاسر شاہ کو چوٹ لگی جس کے بعد انہیں ڈھاکہ کے مقامی ہسپتال میں زیر علاج رہنا پڑا۔

یاسر شاہ بنگلہ دیش کی سیریز سے قبل زخمی ہونے والے تیسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں۔ ان سے قبل نوجوان تیز باؤلر سہیل خان اور بلے باز صہیب مقصود مختلف وجوہات کی بنیاد پر باہر ہوئے ہیں اور اب اس فہرست میں یاسر شاہ بھی شامل ہوگئے ہیں۔

4 ایک روزہ مقابلے کھیلنے کا تجربہ رکھنے والے ذوالفقار بابر عالمی کپ کے لیے پاکستانی دستے کا حصہ نہیں تھے لیکن بنگلہ دیش کی وکٹوں پر وہ کارگر ثابت ہوسکتے ہیں۔

واحد ٹور مقابلے میں شکست کے بعد اب پاکستان کو بنگلہ دیش کے خلاف سخت محنت کی ضرورت ہوگی خاص طور پر نئے کپتان اظہر علی کے لیے یہ بہت بڑا امتحان ثابت ہوگا۔