138 گیندوں پر 350 رنز کی اننگز

4 1,026

آپ کے خیال میں کسی ایک روزہ مقابلے میں کوئی بلے باز زیادہ سے زیادہ کتنے رنز بنا سکتا ہے؟ ویسے اب تک ٹی ٹوئنٹی کا عہد ہے اور ایک روزہ میں ڈبل سنچری بننا اب معمول ہوچکا ہے لیکن اگر مقابلہ 45 اوورز کی اننگز تک محدود ہو تو؟ لنکاشائر سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ بلے باز لایم لونگ اسٹیون تمام تر اندازوں سے بھی آگے بڑھتے ہوئے 350 رنز کی انفرادی اننگز کھیل ڈالی۔

لایم لونگ اسٹون نے انگلستان میں نیشنل کلب چیمپئن شپ کے ایک مقابلے میں صرف 138 گیندوں پر 34 چوکوں اور 27 چھکوں کی مدد سے 350 رنز بنائے اور یوں ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کی دوسری سب سے بڑی اننگز کھیل ڈالی۔ نینٹچ کلب ان کی اس طوفانی اننگز کی بدولت 45 اوورز میں 7 وکٹوں پر 579 رنز بنانے میں کامیاب ہوا۔ حریف کلب کیلڈی ایسا بدحواس ہوا کہ ان کی اننگز محض 79 رنز پر تمام ہوگئی اور یوں نینٹچ نے مقابلہ 500 رنز سے جیت لیا۔

لونگ اسٹون ابھی تک اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز تو نہیں کرپائے البتہ وہ لنکاشائر کی سیکنڈ الیون کی جانب سے کھیل چکے ہیں بلکہ پچھلے سال روایتی حریف یارکشائر کے خلاف 204 رنز بھی بنا چکے ہیں۔ البتہ اس مقابلے میں وہ سب سے بڑی اننگز کا ریکارڈ نہ توڑ سکے جو اس وقت نیوزی لینڈ کے کیلم ایگن کے پاس ہے جنہوں نے پچھلے سال اپنے کلب تائیری کی جانب سے 381 رنز کی اننگز کھیل کر ریکارڈ بنایا تھا۔

بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے لونگ اسٹون نے کہا کہ سنچری کے بعد میری کوشش تھی کہ ہر گیند کو چھکے کے لیے روانہ کروں اور اس کا نتیجہ اس اننگز کی صورت میں نکلا ہے۔