زمبابوے نے دورۂ پاکستان کی تصدیق کردی

0 1,015

چھ سال کے طویل اور صبر آزما انتظار کے بعد بالآخر پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آ رہی ہے۔ زمبابوے نے اگلے ماہ پاکستان کے دورے کی تصدیق کردی ہے جس میں تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے جائیں گے۔

کئی سالوں کی کوششوں، ناکامیوں اور بے یقینی کی کیفیت کے بعد بالآخر وہ اعلان سامنے آ ہی گیا ہے، جس کا پاکستانیوں کو بہت شدت سے انتظار تھا۔ زمبابوے نے کہا ہے کہ وہ اگلے مہینے یعنی مئی میں پاکستان کا دورہ کرے گا جہاں اس کے تمام مقابلے لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

زمبابوے نے اس سخت فیصلے تک پہنچنے کے لیے پاکستان سے کئی شرائط منوائی ہیں جس میں سیریز آمدنی میں حصہ کے ساتھ ساتھ اگست میں زمبابوے کے جوابی دورے کی یقین دہانی بھی شامل ہے۔ گو کہ ابھی زمبابوے کی سیکورٹی ٹیم کی آمد اور حفاظتی اقدامات پر اجازت نامہ جاری کرنے کا مرحلہ باقی ہے، البتہ اس سے قبل ہی زمبابوے کرکٹ نے کہہ دیا ہے کہ اس کی ٹیم 19 مئی کو لاہور پہنچے گی۔

شیڈول کے بارے میں ابھی حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے۔ پاکستان کے تجویز کردہ پروگرام کے مطابق 22 اور 24 مئی کو دونوں ٹی ٹوئنٹی مقابلے ہوں گے جس کے بعد 26، 29 اور 31 مئی کو ایک روزہ سیریز کے تینوں مقابلے کھیلے جائیں گے۔ زمبابوے کا دستہ یکم جون کو وطن وواپس روانہ ہوجائے گا۔

اگر زمبابوے کا دورۂ پاکستان منصوبے کے عین مطابق ہوا تو یہ مارچ 2009ء کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے کسی بھی مکمل رکن کا پہلا دورہ ہوگا۔ ماضی قریب میں افغانستان اور کینیا کے دستے پاکستان کے دورے کرچکے ہیں لیکن یہ دونوں بین الاقوامی حیثیت کے حامل نہیں تھے۔

پاکستان کا دورہ کرنے والی آخری ٹیم سری لنکا کی تھی، جو 2009ء میں پاکستان کے دورے پر آئی تھی لیکن لاہور میں دہشت گردوں کے حملے کا نشانہ بنی جس میں متعدد کھلاڑی بھی زخمی ہوئے۔ اس کے بعد سے اب تک پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی گئی۔

زمبابوے کا دورۂ پاکستان 2015ء - مجوزہ شیڈول

تاریخ مقام
22 مئی پاکستان بمقابلہ زمبابوے پہلا ٹی ٹوئنٹی لاہور
24 مئی پاکستان بمقابلہ زمبابوے دوسرا ٹی ٹوئنٹی لاہور
26 مئی پاکستان بمقابلہ زمبابوے پہلا ایک روزہ لاہور
29 مئی پاکستان بمقابلہ زمبابوے دوسرا ایک روزہ لاہور
31 مئی پاکستان بمقابلہ زمبابوے تیسرا ایک روزہ لاہور