پاکستان کے خلاف دو میچز کے لیے آئرش دستے کا اعلان

1 1,045

آئرلینڈ نے پاکستان کے خلاف دو ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے اپنے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت ولیم پورٹر فیلڈ کریں گے۔ ٹیم میں شامل کیے جانے والے 15 کھلاڑیوں میں سے 13 کھلاڑی گزشتہ عالمی کپ میں ٹیم کا حصہ تھے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے سابق کھلاڑی ہمیش مارشل، جو گزشتہ ماہ قانونی طور پر آئرلینڈ کی جانب سے کھیلنے کے قابل ہوئے تھے، زخمی ہونے کے باعث دستے میں شامل نہیں ہیں۔

عالمی کپ میں تیز ترین سنچری اسکور کرنے والے کیون اوبرائن بھی ٹیم کا حصہ ہیں (تصویر: گیٹی امیجز)

دورۂ ویسٹ انڈیز مکمل کرنے کے بعد پاکستان دو میچز کھیلنے کے لیے براہ راست آئرلینڈ پہنچے گا جہاں 28 اور 30 مئی کو دونوں ٹیمیں بیلفاسٹ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

پاکستان اور آئرلینڈ آخری مرتبہ 2007ء کے عالمی کپ میں مدمقابل ہوئے تھے جس میں آئرلینڈ نے حیران کن فتح حاصل کر کے پاکستان کو عالمی کپ کی دوڑ سے باہر کر دیا تھا۔ علاوہ ازیں آئرلینڈ نے حال ہی میں عالمی کپ 2011ء میں انگلستان کو شکست دے کر ماہرین کرکٹ کو حیران کر دیا تھا اس لیے توقع ہے کہ آئرلینڈ ویسٹ انڈیز میں مشکلات سے دوچار ہونے والی پاکستانی ٹیم کے لیے سخت حریف ثابت ہوگا خصوصا ہوم گراؤنڈ پر تو کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گا۔

اعلان کردہ دستے میں مندرجہ ذیل کھلاڑی شامل ہیں:
ولیم پورٹرفیلڈ (کپتان)، ایڈ جوائس، ایلکس کوسیک ، اینڈریو وائٹ، البرٹ وان ڈیر مروے، بوئیڈ رینکن، پال اسٹرلنگ، ٹرینٹ جونسٹن، جان مونی، کیون او برائن، گیری ولسن، نائجل جونز، نیال او برائن اور نیال میکڈونیل۔