بڑی خوش خبری! پاکستان بھارت مکمل سیریز کھیلنے کے لیے رضامند

1 1,002

”تھا جس کا انتظار وہ شاہکار آ گیا،“ پاکستان اور بھارت 8 سال کے طویل عرصے کے بعد ایک مکمل باہمی سیریز کھیلنے پر رضامند ہوگئے ہیں جو رواں سال دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ لیکن، ٹھیریے، پہلے یہ جان لیں کہ اس کے لیے بھارت کو اپنی حکومت کی اجازت کی ضرورت ہوگی یعنی معاملہ اب بھی لٹکا ہوا ہی سمجھیں۔ ویسے یہ پاکستان کی ہوم سیریز ہوگی جو ملک میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش نہ ہونے کی وجہ سے متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی، جہاں پاکستان پچھلے پانچ، چھ سالوں سے مختلف ملکوں کی میزبانی کررہا ہے۔

دسمبر 2015ء میں متحدہ عرب امارات کے صحراؤں میں پاک-بھارت سیریز کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان اس وقت بھارت کے دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے گزشتہ روز بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر جگموہن ڈالمیا سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے جس کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے جائیں گے۔

ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ یہ پاک-بھارت کرکٹ کی تجدید ہوگی، جو شیڈول کے مطابق دسمبر میں شروع ہوگی۔ اس کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں اور ہمیں بس یہ آخری رکاوٹ عبور کرنا تھی۔ مفاہمت کی یادداشت کے مطابق دونوں ممالک اگلے آٹھ سالوں میں پانچ باہمی سیریز کھیلیں گے۔ اس موقع پر ڈالمیا نے کہا کہ ہم باہمی سیریز کی بحالی کے لیے پرامید ہیں صرف چند معاملات ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ وزارت داخلہ اور حکومت کے تعاون کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔

پاکستان اور بھارت کے مابین آخری باہمی سیریز 2007ء میں کھیلی گئی تھی جب پاکستان نے بھارت کا دورہ کیا تھا۔ لیکن اگلے سال یعنی 2008ء میں ممبئی دہشت گردوں حملے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوگئے اور اس کا سب سے بڑا نقصان کرکٹ کو پہنچا۔