شعیب اور سمیع ایک روزہ دستے میں بھی شامل

1 1,019

زمبابوے کے خلاف سیریز کا پہلا مرحلہ، یعنی ٹی ٹوئنٹی، بخیر و خوبی اپنے اختتام کو پہنچا۔ پاکستان توقعات کے عین مطابق فتح یاب ٹھیرا اور اس جیت کی خوشی میں پاکستان نے آئندہ ایک روزہ سیریز کے لیے دستے کا بھی فوری اعلان کردیا جس میں شعیب ملک اور محمد سمیع بھی شامل ہیں۔ کارکردگی ان کی جیسی بھی رہی ہو، لیکن ان پر مزید اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔

شعیب ملک اور محمد سمیع طویل عرصے سے قومی ایک روزہ ٹیم سے باہر تھے۔ سمیع نے تو تین سالوں سے کوئی ایک روزہ نہیں کھیلا۔ انہوں نے آخری بار جون 2012ء میں سری لنکا کے دورے میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جبکہ شعیب ملک نے چیمپئنز ٹرافی 2013ء میں پاکستان کی جانب سے مقابلے کھیلے تھے۔ اب شعیب کو حالیہ ڈومیسٹک کارکردگی کی بنیاد پر دستے میں شامل کیا گیا ہے، حالانکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وہ بری طرح ناکام دکھائی دیے ہیں۔

پاکستان کو اپنی گزشتہ ایک روزہ سیریز میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں تین-صفر کی ہزیمت سے دوچار ہونا پڑا تھا۔ نئے کپتان اظہر علی کی قیادت میں یہ پہلی سیریز تھی اور اسی میں اتنی بری ناکامی نے ان کی قائدانہ اہلیت پر سوال اٹھائے تھے۔ اب انہیں ایک بالکل مختلف دستہ دیا گیا ہے۔ تجربہ کار سعید اجمل اور عمر گل باہر ہیں، فواد عالم بھی موجود نہیں ۔ اب انہیں شعیب اور سمیع کے ساتھ احمد شہزاد، انور علی، عماد وسیم، حماد اعظم اور بابر اعظم دیے گئے ہیں، جن کے ذریعے انہیں پاکستان کو عرصہ بعد کوئی ایک روزہ سیریز جتوانے کا ہدف ملا ہے۔

اہم عدم شمولیت ایک مرتبہ پھر عمر اکمل کی رہی، جو بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ سیریز کا حصہ بھی نہیں تھے۔

کپتان اظہر علی کی قیادت کے ساتھ ساتھ ان کی عمدہ فارم کا جاری رہنا بھی پاکستان کے لیے بہت ضروری ہے، ساتھ ہی شعیب ملک اور محمد سمیع کے علاوہ تجربہ کار محمد حفیظ اور احمد شہزاد کا کارکردگی دکھانا بھی۔ گیندبازوں میں ذمہ داری وہاب ریاض، جنید خان، محمد سمیع اور یاسر شاہ کے کاندھوں پر ہوگی۔

پاک-زمبابوے ایک روزہ سیریز کا پہلا مقابلہ 26 مئی بروز منگل کھیلا جائے گا جس کے بعد دو مزید میچز ہوں گے۔

اظہر علی (کپتان)، احمد شہزاد، اسد شفیق، انور علی، بابر اعظم، جنید خان، حارث سہیل، حماد اعظم، سرفراز احمد، شعیب ملک، عماد وسیم، محمد حفیظ،محمد رضوان، محمد سمیع، وہاب ریاض اور یاسر شاہ۔