شیونرائن آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے باہر کردیے گئے

1 1,126

ویسٹ انڈیز کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے سے محض چند قدم کے فاصلے پر موجود شیونرائن چندرپال کے لیے ایک بہت بڑی رکاوٹ کھڑی ہوگئی ہے کیونکہ انہیں آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے باہر کردیا گیا ہے۔

164 مقابلوں میں 11867 رنز بنانے والے شیو کو برائن لارا کا تاریخی ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف 86 رنز کی ضرورت ہے، لیکن اپنی حالیہ ناقص فارم کی وجہ سے ایک اہم سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ 3 جون سے روسیو، ڈومینیکا میں شروع ہونے والی دو ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز سے قبل چندرپال کی عدم شمولیت کے اشاروں نے خاصا ہنگامہ کھڑا کیا یہاں تک کہ خود برائن لارا نے چندرپال کے ساتھ روا رکھے گئے رویے کی مذمت کی لیکن چیف سلیکٹر کلائیو لائیڈ اور کوچ فل سیمنز اپنے فیصلے کو حق بجانب سمجھتے ہیں اور حقیقت یہی ہے کہ وہ زیادہ غلط نہیں ہیں۔

انگلستان کے خلاف گزشتہ ٹیسٹ سیریز میں چندرپال نے تین مقابلوں میں صرف 92 رنز بنائے جبکہ گزشتہ 10 اننگز میں وہ چھ مرتبہ واحد ہندسے میں آؤٹ ہوئے ہیں۔

اگر یہ اخراج چندرپال کے کیریئر کا اختتام ثابت ہوا تو یہ بالکل ایسا ہی ہوگا کہ کوئی کھلاڑی 299 رنز پر آؤٹ ہوجائے، یا کسی اہم ترین عالمی ریکارڈ سے صرف ایک قدم کے فاصلے پر رہ جائے۔ 30 سنچریوں اور 66 نصف سنچریوں سے سجا طویل کیریئر اس اہم مقام تک پہنچنے کا حقدار ہے، جو اب محض 86 رنزدور ہے۔ بہرحال، دیکھتے ہیں کہ اگلی سیریز میں چندرپال کا مستقبل کیا ہوتا ہے۔

ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے جس 14رکنی دستے کا اعلان کیا ہے اس میں دو نئے کھلاڑی شین ڈاؤرِچ اور راجندر چندریکا بھی شامل ہیں۔ 23 سالہ ڈاؤرِچ نے آسٹریلیا کے خلاف ٹور مقابلوں میں دو نصف سنچریاں بنائیں جبکہ دونوجوان بلے باز چندریکا کو بھی حالیہ فارم کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف ٹور مقابلے میں 74 رنزکی اننگز کھیلی تھی۔

ویسٹ انڈیز کا اعلا ن کردہ 14 رکنی دستہ:

دنیش رامدین (کپتان)، جرمین بلیک ووڈ، جیروم ٹیلر، جیسن ہولڈر، دیوندر بشو، ڈیرن براوو، راجندر چندریکا، شے ہوپ، شین ڈاؤرِچ، شینن گیبریئل، کریگ بریتھویٹ، کیمار روچ، مارلون سیموئلز اور ویراسیمی پرمال۔