[ریکارڈز] کک نے اپنے ’استاد‘ کا ریکارڈ ہی توڑ دیا

0 1,030

انگلستان کے عظیم بلے باز گراہم گوچ نے شاید یہ تصور بھی نہ کیا ہو کہ وہ جس نوعمر بلے باز کو تیار کررہے ہیں، ایک روزہ وہی ملک کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ان کا ریکارڈ توڑ ڈالے گا۔ انگلستان کے موجودہ کپتان ایلسٹر کک نے اپنے ہی 'استاد' کے سب سے بڑے ریکارڈ کو ماضی کا حصہ بنا دیا ہے اور نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلستان کے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔

ہیڈنگلے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز 350 رنز کے جواب میں انگلستان نے اپنی باری کی شروعات کیں تو کک کو اس سنگ میل کو پانے کے لیے صرف 32 رنز کی ضرورت تھی اور کھانے کے وقفے کے کچھ دیر بعد ٹم ساؤتھی کو ایک چوکا رسید کرکے انہوں نے اس منزل کو حاصل کرلیا۔

گراہم گوچ نے 118 ٹیسٹ مقابلوں کی 215 اننگز میں 42.58 کے اوسط سے 8900 رنز بنائے تھے جبکہ کک نے 114 ویں مقابلے میں ہی اس ریکارڈ کو جا لیا۔ کک ہیڈنگلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 75 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور یوں 8944 رنز تک پہنچ گئے ہیں۔

30 سالہ کک نے اپنے کیریئر میں 27 سنچریاں بھی بنا رکھی ہیں جو کسی بھی انگلش بلے باز سے زیادہ ہیں جبکہ 41 مرتبہ نصف سنچری بھی بنائی۔

کک اسکول کرکٹ کے زمانے سے گراہم گوچ کے شاگرد تھے اور ان کو عالمی پائے کا بلے باز بنانے میں گوچ کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کک کہتے ہیں کہ وہ خود کو گوچ کا ریکارڈ توڑنے کے قابل نہیں سمجھتے تھے، لیکن پھر بھی یہ ایک یادگار لمحہ تھا اور میں اس مقام تک پہنچنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ "میں گوچ کی مدد کے بغیر کبھی بھی یہاں تک نہیں پہنچ سکتا تھا، یہ ان کی سخت محنت کے بغیر شاید میں اس کے آدھے رنز بھی نہ بنا پاتا۔ گراہم گوچ بلاشبہ انگلستان کی تاریخ کے عظیم ترین بلے باز ہیں۔"

اب ہیڈنگلے میں انگلستان پہلی اننگز میں 253 رنز پر پانچ وکٹوں سے محروم ہےیعنی کہ پہلی اننگز میں اب بھی نیوزی لینڈ سے 97 رنز کے فاصلے پر ہے۔ دیکھتے ہیں کہ کک کی فارم میں واپسی انگلستان کی فتوحات میں کتنا اہم کردار ادا کرپاتی ہے، بہرحال وہ تاریخ میں تو اپنا نام لکھوا چکے ہیں۔

انگلستان کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک مقابلے رنز اوسط بہترین اننگز سنچریاں نصف سنچریاں
ایلسٹر کک انگلستان 114 8944 46.82 294 27 41
گراہم گوچ انگلستان 118 8900 42.58 333 20 46
ایلک اسٹیورٹ انگلستان 133 8463 39.54 190 15 45
ڈیوڈ گاور انگلستان 117 8261 44.25 215 18 39
کیون پیٹرسن انگلستان 104 8181 47.28 227 23 35