دورۂ سری لنکا کے لیے دستے کا اعلان، اجمل باہر، فواد کا راستہ بند

0 1,039

سری لنکا کے میدانوں پر بدترین شکست کھانے کے ٹھیک 9 ماہ بعد پاکستان کا دستہ ایک مرتبہ پھر لنکا ڈھانے کے عزائم کے ساتھ پرواز کے لیے پر تول رہا ہے۔ اس مرتبہ یہ کٹھن کام انجام دینے کے لیے جس دستے کا انتخاب کیا گیا ہے اس میں 'جادوگر' اسپن گیندباز سعید اجمل شامل نہیں۔ گزشتہ سال کا یہی دورہ تھا جس میں سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن پر اعتراض اٹھا تھا اور اس کے بعد سعید خود دوبارہ نہیں اٹھ سکے۔ باؤلنگ ایکشن ناقص قرار دیے جانے کے بعد انہوں نے ڈھائی، تین ماہ اپنے ایکشن کو بہتر بنانے پر صرف کیے، حیران کن طور پر بین الاقوامی کرکٹ کونسل سے منظوری بھی لے لی لیکن دوبارہ ویسے موثر ثابت نہیں ہوسکے۔

اب ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ ان کا ٹیسٹ کیریئر اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے کیونکہ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کی محدود کرکٹ میں متاثر نہ کرنے کے بعد پاکستان نے انہیں سری لنکا کے دورے سے باہر کردیا ہے۔ پاکستان 17 جون سے سری لنکا کے خلاف تین ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز کھیلے گا جس کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی دستے میں یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر شامل ہیں جبکہ تیسرے اہم اسپنر محمد حفیظ ہوں گے، جو خود بھی نئے باؤلنگ ایکشن کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ گو کہ وہ بھی اتنے اثر انگیز گیندباز نہیں لگ رہے ہیں لیکن بلے بازی ان کی جگہ برقرار رکھنے کے لیے کافی ہے ۔

پاکستان نے سری لنکا کے دورے کے لیے جس دستے کا اعلان کیا ہے اس میں اہم تبدیلی احمد شہزاد کی واپسی کی صورت میں ہوئی ہے۔ احمد شہزاد نیوزی لینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سیریز کے بعد سے ٹیسٹ کرکٹ سے محروم ہیں اور انہیں گزشتہ دورۂ بنگلہ دیش میں نہیں کھلایا گیا تھا۔ وجہ تھی ایک روزہ کرکٹ میں ناقص کارکردگی۔ حالانکہ اپنے آخری ٹیسٹ میں احمد شہزاد نے 176 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔ اب شاید اس غلطی کا احساس ہوگیا ہے اور اس اہم دورے کے لیے انہیں طلب کیا گیا ہے۔

احمد شہزاد کے علاوہ نوجوان اوپنر شان مسعود بھی دستے میں شامل ہیں۔ وہ ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں پاکستان 'اے' کے حالیہ دورۂ سری لنکا میں عمدہ کارکردگی کی بدولت منتخب کیا گیا ہے۔ شان نے سری لنکا 'اے' کے خلاف ٹیسٹ مقابلے میں 182 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی اور یہی کارکردگی ان کے انتخاب کے لیے کافی قرار پائی ہے۔ شان پاکستان کی جانب سے 4 ٹیسٹ مقابلے کھیل چکے ہیں اور ابھی انہیں خود کو ثابت کرنا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف گزشتہ سیریز کے بعد باہر ہونے والوں میں سے ایک اور کھلاڑی احسان عادل اب سری لنکا کے لیے تیار ہیں۔ احسان نے دو ٹیسٹ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹی، بابر اعظم اور سمیع اسلم بھی مختلف وجوہات کی بنیاد پر باہر ہوئے ہیں جبکہ راحت علی، سہیل خان اور صہیب مقصود زخمی ہونے کی وجہ سے دستیاب نہیں تھے۔ چیف سلیکٹر ہارون رشید کہتے ہیں کہ سری لنکا میں کھیلنے کے لیے موزوں اور بین الاقوامی سطح پر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھنے والے کھلاڑیوں کو ان کی موجودہ فارم، فٹنس، گزشتہ سیریز اور پاکستان 'اے' کے حالیہ دورۂ سری لنکا میں کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔

حیران کن امر یہ ہے کہ پاکستان 'اے' کے دورۂ سری لنکا میں قیادت کے ساتھ بلے بازی کے جوہر دکھانے والے فواد عالم پر نظر کرم نہیں پڑی۔ گو کہ پاکستان مصباح الحق، یونس خان، اظہر علی اور اسد شفیق کی صورت میں مڈل آرڈر میں مضبوط دکھائی دیتا ہے لیکن دستے میں اب بھی چند کمزور کڑیاں موجود ہیں، جن کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ سری لنکا میں ان کی کارکردگی کیسی ہوگی۔ اس صورت میں سری لنکا میں 6 مقابلوں میں 5 نصف سنچریاں بنانے والے فواد کا اخراج حیران کن ہے۔

سیریز کا پہلا مقابلہ 17 جون سے گال میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دوسرا ٹیسٹ 25 جون سے کولمبو اور تیسرا 3 جولائی سے پالی کیلے میں شروع ہوگا۔ بہرحال، دیکھتے ہیں یہ دستہ لنکا میں کیا رنگ جماتا ہے؟:

مصباح الحق (کپتان)، احسان عادل، احمد شہزاد، اسد شفیق، اظہر علی، جنید خان، حارث سہیل، ذوالفقار بابر، سرفراز احمد، شان مسعود، عمران خان، محمد حفیظ،وہاب ریاض، یاسر شاہ اور یونس خان۔