دنیا کا بہترین بلے باز، پہلا درجہ اسٹیون اسمتھ کو مل گیا

1 1,064

سبائنا پارک میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے و آخری ٹیسٹ میں 277 رنز کی بھاری شکست سے تو دوچار کیا ہی، لیکن اسٹیون اسمتھ کی عمدہ کارکردگی نے انہیں بھی دنیا کا نمبر ایک بلے باز بنا دیا ہے۔

کنگسٹن، جمیکا میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں اسمتھ نے پہلی اننگز میں 199 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ دوسری میں وہ 54 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ یوں وہ نہ صرف مردِ میدان قرار پائے بلکہ تازہ ترین انفرادی عالمی درجہ بندی میں سری لنکا کے کمار سنگاکارا کو پیچھے چھوڑ کر نمبر ایک بلے باز بھی بن گئے ہیں۔

26 سالہ اسٹیون اسمتھ کنگسٹن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اپنی اولین ڈبل سنچری نہیں بنا پائے تھے لیکن یہ ان کی گزشتہ چند ماہ کی بہترین بلے بازی کا تسلسل ضرور تھی۔ اپنی آخری 12 اننگز میں اسمتھ پانچ سنچریوں اور 131 سے زیادہ کے اوسط کے ساتھ ایک ہزار سے زیادہ رنز بنا چکے ہیں اور بلاشبہ وہی اس مقام کے حقدار بھی تھے۔ اسمتھ تین سال کے بعد نمبر ایک ٹیسٹ بلے باز بننے والے آسٹریلیا کے پہلے کھلاڑی ہیں۔ ان سے قبل آخری بار یہ اعزاز آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک کو 2012ء میں ملا تھا۔

اسٹیون اسمتھ کے بعد بہترین بلے بازوں کی درجہ بندی میں کمار سنگاکارا ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ولیئرز اور ہاشم آملہ تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ دنیا کے 10 بہترین بلے بازوں میں پاکستان کے یونس خان اور مصباح الحق موجود ہیں۔

ٹیسٹ بلے بازوں کی عالمی درجہ بندی

بمطابق 15 جون 2015ء

شمار نام ملک ریٹنگ
1 اسٹیون اسمتھ آسٹریلیا آسٹریلیا 913
2 کمار سنگاکارا سری لنکا سری لنکا 909
3 ابراہم ڈی ولیئرز جنوبی افریقہ جنوبی افریقہ 908
4 ہاشم آملہ جنوبی افریقہ جنوبی افریقہ 891
5 اینجلو میتھیوز سری لنکا سری لنکا 841
6 یونس خان پاکستان پاکستان 836
7 جو روٹ انگلستان انگلستان 815
8 کین ولیم سن نیوزی لینڈ نیوزی لینڈ 813
9 مصباح الحق پاکستان پاکستان 770
10 ڈیوڈ وارنر آسٹریلیا آسٹریلیا 757