انگلستان، فاتحانہ آغاز کا فاتحانہ اختتام

0 1,018

شکست در شکست سے بے حال انگلستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کا اختتام بھی شاندار انداز میں کیا ہے اور واحد ٹی ٹوئنٹی میں 56 رنز کے واضح فرق سے کامیابی حاصل کرکے ثابت کیا ہےکہ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ انگلستان کا کرکٹ مستقبل روشن ہے۔

ویسے کسی کو امید نہیں تھی کہ نیوزی لینڈ کے اتنے مضبوط دستے کے خلاف انگلستان ٹک بھی پائے گا لیکن نہ صرف میزبان نے ٹیسٹ سیریز برابر کھیلی بلکہ حیران کن طور پر محدود طرز کی کرکٹ میں دونوں سیریز میں کامیابی حاصل کی۔ ایک روزہ مرحلے میں تین-دو کی تاریخی کامیابی کے بعد واحد ٹی ٹوئنٹی میں فتح نے انگلستان کے حوصلوں کو بہت بلند کیا ہوگا۔ بہرحال، اولڈ ٹریفرڈ مانچسٹر میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں انگلستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور 3 اوورز میں 25 رنز جڑ دیے۔ جیسن روئے نے آغاز تو بہت عمدہ لیا تھا اور مختصر سی اننگز میں دو شاندار چھکے اور ایک چوکا رسید بھی لگایا، لیکن رن آؤٹ نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ 13 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز اپنے اختتام کو پہنچی۔ ان کے بعد ایلکس ہیلز نے آنے والے بلے باز جو روٹ کے ساتھ 8 اوورز میں ہی اسکور کو 76 رنز تک پہنچا دیا۔ ہیلز 23 گیندوں پر 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اسی اوور کی آخری گیند پر جانی بیئرسٹو بھی کلین بولڈہوگئے۔ انگلستان کو بڑا نقصان اس وقت ہوا جب تہرے ہندسے میں داخل ہوتے ہی کپتان ایون مورگن آؤٹ ہوگئے۔ اس مرحلے پر جو روٹ نے سیم بلنگز اور بین اسٹوکس کے ساتھ مل کر رنز کی رفتار کو برقرار رکھا اور 20 اوورز میں مجموعے کو 191 رنز تک پہنچا دیا۔ روٹ 46 گیندوں پر 68 رنزبنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ بلنگز نے 21 اور اسٹوکس نے ناقابل شکست 24 رنز بنائے۔

192 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ کے لیے کافی سے زیادہ ثابت ہوا۔ پہلے اوور میں ہی مارٹن گپٹل کی وکٹ گرنے کے بعد مہمان اس وقت تک تو ہدف کے تعاقب میں دکھائی دیا جب تک کین ولیم سن اور روس ٹیلر کریز پر موجود تھے۔ نویں اوور میں اسکور بورڈ پر 89 رنز موجود تھے لیکن اس کے بعد "چراغوں میں روشنی نہ رہی"۔ یہاں تک کہ آخر میں صرف 4 رنز کے اضافے سے اس کی پانچ وکٹیں گریں۔ پوری ٹیم 17 ویں اوور میں محض 135 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔انگلستان کی جانب سے ڈیوڈ وِلی اور مارک ووڈ نے تین، تین کھلاڑیوں آؤٹ کیا اور سب سے نمایاں باؤلر رہے۔

جو روٹ کو بہترین بلے بازی پر مردِ میدان کا اعزاز دیا گیا۔