نئی منزلوں کا راہی، یونس خان

آج سے 15 سال قبل راولپنڈی سے جس سفر کاآغاز ہوا تھا، وہ کئی سنگ ہائے میل عبور کرتا ہوا اب ایک اورموڑ پر پہنچ چکا ہے۔ یونس خان اپنا 100 واں ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے کولمبو کےپی سروانامتو اسٹیڈیم میں اتریں گے اور یوں اس اعزاز کو حاصل کرنے والے پانچویں پاکستانی کھلاڑی بن جائیں گے۔ ڈیڑھ دہائی قبل اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں سنچری سے آغاز لینے والے 23 سالہ یونس خان کو شاید خود بھی یقین نہ ہوگا کہ وہ ایک روز "سنچری ٹیسٹ" کھیلیں گے، لیکن کئی قومی ریکارڈ توڑنے کے بعد اب وہ ایک اہم ترین منزل کو پا رہے ہیں اور کئی نئے ریکارڈز بھی اپنی گرفت میں لے رہے ہیں۔

یونس خان سے پہلے صرف چار پاکستانی کھلاڑی ایسے ہیں، جنہیں 100 یا اس سے زیادہ ٹیسٹ مقابلے کھیلنے کو ملے۔ ملک کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ جاوید میانداد نے کھیلے، جنہوں نے 1976ء سے 1993ء تک کل 124 ٹیسٹ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور آج بھی سب سے زیادہ ٹیسٹ کے ساتھ سب سے زیادہ رنز کا قومی ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔ ان کے بعد انضمام الحق کا نام ہے، جنہوں نے 120 مقابلے کھیلے۔ وسیم اکرم نے 104 اور سلیم ملک نے 103 ٹیسٹ میں شرکت کی۔ ان چاروں کے علاوہ کسی پاکستانی کے ٹیسٹ مقابلوں کی تعداد تہرے ہندسے میں نہیں پہنچی۔ اب یونس خان اس مقام کو پہنچ رہے ہیں۔

younis-khan-javed-miandad

پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑی

کھلاڑی ملک سال آغاز سال اختتام مقابلوں کی تعداد
جاوید میانداد پاکستان 1976ء 1993ء 124
انضمام الحق پاکستان 1992ء 2007ء 119
وسیم اکرم پاکستان 1985ء 2002ء 104
سلیم ملک پاکستان 1982ء 1999ء 103
یونس خان پاکستان 2000ء تا حال 99

یہ نیا اعزاز یونس خان کے سینے پر سجے 'تمغوں' کی طویل قطار میں تازہ اضافہ ہوگا۔ یونس خان پاکستان کے لیے سب سے زیادہ سنچریوں کا اہم ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔ سنچریاں بنانے میں شاید ہی کوئی اتنا بڑا 'استاد' سرزمین پاک پر پیدا ہوا ہو۔ انہوں نے عظیم جاوید میانداد سمیت ہر اس بلے باز کو پیچھے چھوڑا، جو ان سے قبل سنچریوں کے انبار لگا چکا تھا۔ لیکن تعداد کے علاوہ یونس کو جو چیز سب سے ممتاز کرتی ہے، وہ ان کی طویل اننگز کھیلنے کی تڑپ ہے۔ یونس خان کے ٹیسٹ کیریئر میں 29 سنچریاں شامل ہیں اور نصف سنچریوں کی تعداد بھی 29 ہی ہے۔ یعنی ہر دوسری نصف سنچری نے تہرے ہندسے تک پہنچ کر ہی دم لیا۔

younis-khan2

پاکستان کے لیے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط سنچریاں نصف سنچریاں
یونس خان پاکستان 99 8594 313 53.71 29 29
انضمام الحق پاکستان 119 8829 329 50.16 25 46
محمد یوسف پاکستان 90 7530 223 52.29 24 33
جاوید میانداد پاکستان 124 8832 280* 52.57 23 43
سلیم ملک پاکستان 103 5768 237 43.69 15 29

یونس خان پاکستان کی تاریخ کے واحد بلے باز ہیں جنہوں نے ہر ملک کے خلاف کم از کم ایک سنچری ضرور بنا رکھی ہے۔ کولمبو میں آج وہ جس سری لنکا کے مقابل آئیں گے، وہی ان کا سب سے پسندیدہ حریف ہے۔ 7 مرتبہ سری لنکا کے خلاف سنچری بنانے والے یونس خان نے ایک بار اسی حریف کے مقابلے میں ٹرپل سنچری کا ہندسہ بھی عبور کیا ہے۔ 313 رنز کی اس یادگار اننگز کے علاوہ یونس نےپانچ بار ڈبل سنچری بھی بنائی ہے، یعنی وہ جاوید میانداد کے بعد سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے پاکستانی بلے باز ہیں۔ اگر دو مرتبہ 190 رنز بنانے کے بعد ڈبل سنچری سے پہلے آؤٹ نہ ہوتے تو آج یہ تعداد 7 ہوتی۔

تمام ممالک کے خلاف سنچریاں بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک آخری سنچری اننگز بمقابلہ بمقام بتاریخ
گیری کرسٹن جنوبی افریقہ 150 بنگلہ دیش ایسٹ لندن اکتوبر 2002ء
اسٹیو واہ آسٹریلیا 100* بنگلہ دیش ڈارون جولائی 2003ء
سچن تنڈولکر بھارت 248* بنگلہ دیش ڈھاکہ دسمبر 2004ء
راہول ڈریوڈ بھارت 160 بنگلہ دیش چٹاگانگ دسمبر 2004ء
مارون اتاپتو سری لنکا 127 نیوزی لینڈ نیپئر اپریل 2005ء
برائن لارا ویسٹ انڈیز 130 پاکستان برج ٹاؤن مئی 2005ء
ایڈم گلکرسٹ آسٹریلیا 144 بنگلہ دیش فتح اللہ اپریل 2006ء
رکی پونٹنگ آسٹریلیا 118* بنگلہ دیش فتح اللہ اپریل 2006ء
کمار سنگاکارا سری لنکا 152 انگلستان کانڈی دسمبر 2007ء
مہیلا جے وردھنے سری لنکا 240 پاکستان کراچی فروری 2009ء
ژاک کیلس جنوبی افریقہ 224 سری لنکا کیپ ٹاؤن جنوری 2012ء
یونس خان پاکستان 106 آسٹریلیا دبئی اکتوبر 2014ء

یونس خان نے 99 ٹیسٹ مقابلوں میں 53.71 کے اوسط کے ساتھ 8594 رنز بنا رکھے ہیں اور وہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز کا ریکارڈ توڑنے سے صرف 238 رنز کے فاصلے پر ہیں۔ عین ممکن ہے کہ سری لنکا کے خلاف اسی سیریز کی بقیہ چار اننگز میں یہ کارنامہ بھی انجام دے ہی دیں۔

پاکستان کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط سنچریاں نصف سنچریاں
جاوید میانداد پاکستان 124 8832 280* 52.57 23 43
انضمام الحق پاکستان 119 8829 329 50.16 25 46
یونس خان پاکستان 99 8594 313 53.71 29 29
محمد یوسف پاکستان 90 7530 223 52.29 24 33
سلیم ملک پاکستان 103 5768 237 43.69 15 29

Facebook Comments