انگلستان جے وردھنے کی خدمات حاصل کرنے کے لیے کوشاں

1 1,019

بین الاقوامی کرکٹ کا اگلا سب سے بڑا میدان بھارت میں سجے گا جب مارچ 2016ء میں بھارت کے 8 شہر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی کریں گے۔ وقت بہت کم اور مقابلہ بہت سخت ہے اور انگلستان محدود طرز کی کرکٹ میں اپنی پے در پے ناکامیوں کے بعد اس بار بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنا چاہتا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ ایشیائی حالات و کیفیات کو سمجھنے اور اپنے بلے بازوں کو وہاں کارکردگی پیش کرنے کے لیے تیار کرنے کی خاطر سری لنکا کے عظیم بلے باز مہیلا جے وردھنے کی خدمات حاصل کرنا چاہتا ہے۔

انگلستان کے نائب کوچ پال فاربریس کہتے ہیں کہ اس سلسلے میں وہ جے وردھنے سے پہلے ہی بات کرچکے ہیں اور اب گیند انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے کورٹ میں ہے۔ فاربریس ماضی میں سری لنکا کے کوچ رہ چکے ہیں اور ان کے جے وردھنے سمیت سری لنکا کے دیگر کھلاڑیوں سے بہت اچھے تعلقات ہیں، جنہیں استعمال کرکے وہ انگلستان کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قطع نظر انگلستان کے لیے آئندہ ڈیڑھ سال تک ایشیا ایک اہم اور مشکل میدان رہے گا۔ اسے پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش کے خلاف یہیں پر سیریز کھیلنی ہیں اور یہاں کے حالات سے نمٹنے کے لیے انگلش بلے بازوں کو جے وردھنے کا ساتھ حاصل ہو، اس سے اچھی بات اور کیا ہوگی۔

علاوہ ازیں انگلستان اپنے مشیروں میں پال کولنگ ووڈ کا اضافہ بھی کرنا چاہتا ہے۔ 2010ء میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جتوانے والے قائد کولنگ ووڈ ماضی میں بھی انگلستان کے لیے یہی خدمات انجام دے چکے ہیں اور اب اگلے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل ایک مرتبہ پھر تربیتی عملے کا حصہ بن سکتے ہیں۔