ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے؛ آفریدی کا نیا انفرادی ریکارڈ

0 1,222

جارح مزاج پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے فلک شگاف چھکوں کو ایک طرف اور باقی ٹیم کی کارکردگی کو دوسری طرف رکھ کر کو تولا جائے تو شائقین کی اکثریت آفریدی کے چھکوں کا نظارہ کرنے میں زیادہ دلچسپی لے گی۔ اور پاک - سری لنکا حتمی ٹی ٹوینٹی مقابلے میں آفریدی نے کیرئیر میں پہلی بار 4 چھکے لگا کر شائقین کو خوب لطف اندوز کیا۔

پاکستان اور سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوینٹی میں آفریدی کی دھواں دھار اننگز نے جہاں مشکلات میں گھری پاکستان کرکٹ ٹیم کو سہارا دیا وہیں شائقین کو ایک بار پھر نوجوان آفریدی کی یاد دلائی۔ انہوں نے روایتی انداز سے کھیلتے ہوئے صرف 22 گیندوں پر 45 رنز بنائے جس میں 4 بلند و بالا چھکے اور 1 چوکا شامل تھا۔

یہ شاہد آفریدی کے کیرئیر کی چھٹی طویل ترین اننگز تھی لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ شاہد آفریدی نے کسی ٹی ٹوینٹی مقابلوں میں چار چھکے لگائے ہوں۔

shahid-afridi

35 سالہ شاہد آفریدی نے پہلا چھکا اننگز کے دسویں اوور میں سری لنکن اسپنر ملنڈا سری وردھنا کی ایک شارٹ بال پر لگایا۔ اگلے ہی اوور میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان لاستھ ملنگا کے اوور کی دوسری گیند کو آفریدی نے جس خوبصورتی سے باؤنڈری کے باہر پہنچایا وہ منظر قابل دید تھا۔ بعد ازاں اننگز کے بارہویں اوور میں آفریدی نے تیسری اور چوتھی بار گیند کو براہ راست باؤنڈری سے پہنچایا۔

شاہد خان آفریدی نے 82 ٹی ٹوینٹی بین الاقوامی مقابلوں کی 76 اننگز میں 4 نصف سنچریوں کی مدد سے 1218 رنز بنا رکھے۔ اس دوران آفریدی نے 56 بار گیند کو براہ راست باؤنڈری سے باہر پہنچایا۔ آفریدی 3 چھکوں پر مشتمل 4 اننگز اور 2 چھکوں پر مشتمل 10 اننگز کھیل چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 20 اننگز میں وہ صرف 1 ہی چھکا لگانے میں کامیاب ہوئے جبکہ 41 بار وہ بغیر کوئی چھکا لگائے پویلین لوٹے۔