سہ ملکی سیریز منسوخ کرنا غلط فیصلہ ہے!

4 1,119

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے رواں ماہ کے آخر میں پاکستان، زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ممکنہ سہ-ملکی سیریز منسوخ کرنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور خود غرضانہ عمل ہے۔

یہ اچھی بات ہے کہ پاکستان نے حالیہ دورہ سری لنکا میں میزبان ٹیم کو شکست دے کر چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت یقینی بنالی ہے لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ پی سی بی پہلے سے طے شدہ سیریز میں ردوبدل کرے۔ مجھے یقین ہے کہ اگر عمران خان جیسا بااصول اور مضبوط کپتان ہوتا تو بورڈ ہر گز ایسا فیصلہ نا لے پاتا۔

چونکہ کہ پاکستان ٹیم اس وقت اچھی فارم میں ہے اور مسلسل فتوحات سے کھلاڑیوں کا حوصلے بھی بلند ہیں اس لیے بہتر یہی ہوتا کہ پی سی بی سیریز کے انعقاد کو یقینی بنائے۔ یوں چیمپینئز ٹرافی جیسے بڑے ٹورنامنٹ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کر کے اپنی ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کی درجہ بندی میں اپنی رینکنگ بہتر بناسکتی تھی۔

زمبابوے کرکٹ اور ویسٹ انڈیز کرکٹ سے کیے گئے وعدے سے پی سی بی کے مکر جانے سے دیگر ممالک کے کرکٹ بورڈز کو انتہائی منفی پیغام جائے گا اور آئندہ وہ پاکستان سے کوئی بھی سیریز طے کرتے وقت زیادہ محتاط رویہ اپنائیں گے۔ ممکن ہے اس کا خمیازہ پاکستان سپر لیگ میں بھی بھگتنا پڑے۔

یہ بات درست ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2017ء دنیائے کرکٹ کا ایک بڑا ایونٹ ہے لیکن بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کھیلنے والے دیگر ممالک سے اپنے تعلقات خراب کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔