سرفراز مستقبل کا کپتان ہے، ڈراپ نہیں کرنا چاہیے: یونس خان

0 1,277

پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے کہا ہے کہ نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد اور آل راؤنڈر انور علی پاکستان کر کٹ کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سرفراز احمد کو نہ کھلائے جانے پر تعجب کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر وہ کپتان ہوتے تو کبھی سرفراز کو حتمی ٹیم سے باہر نہ کرتے۔

کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ سرفراز دو مختلف طرز کی کرکٹ میں بطور نائب کپتان شامل رہے ہیں، اس لیے مستقبل میں انہیں قیادت سونپے جانے کے بہت امکانات ہیں۔آخری ٹی ٹوئنٹی میں شاندار کارکردگی کے ذریعے پاکستان کو کامیابی سے نوازنے والے انور علی کے بارے میں یونس خان نے کہا کہ انور علی اور سرفراز احمد پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں۔

101 ٹیسٹ مقابلوں میں پاکستانی کی نمائندگی کرنے والے یونس خان نے 30 سنچریوں اور 29 نصف سنچریوں کی مدد سے 8814 رنز بنا رکھے ہیں۔ اب ان کی خواہش ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کریں۔ اب تک صرف 11 کھلاڑی ایسے ہیں جنہوں نے ٹیسٹ میں 10 ہزار سے زائد رنز بنائے ہوں۔ ان میں بھارت اور آسٹریلیا کے 3،3 جبکہ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے 2، 2 اور جنوبی افریقہ کا ایک کھلاڑی شامل ہے۔ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز جاوید میانداد کے پاس ہے جنہوں نے 8832 رنز بنائے۔ اس فہرست میں دوسرا نمبر انضمام الحق کا ہے جنہوں نے 8830 رنز بنائے۔ 29 سالہ یونس خان اس فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں اور انہیں سرفہرست پہنچنے کے لیے صرف 18 رنز مزید درکار ہیں۔

پاک-بھارت کرکٹ سیریز کا معاملہ کھٹائی میں پڑنے پر یونس خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو ایشیز سیریز کی طرز پر باہمی کرکٹ کھیلنی چاہیے۔ ضروری ہے کہ دونوں ممالک اس پر بات کریں اور کوئی ایسا سلسلہ بنائیں جو پھر نہ رکے۔