انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے ستارے بھی عروج پر

1 1,008

ایشز 2015 کے بارے میں اگر یہ کہا جائے کہ اِس نے انگلستان کے وارے نیارے کردیے ہیں تو ہرگز غلط نہیں ہوگا۔ جس طرح اُس نے اس سیریز میں آسٹریلیا کو آوٹ کلاس کیا ہے وہ یقینی طور پر قابل دید ہے۔ لیکن یہ سب اتنی آسانی سے ممکن نہیں ہوا بلکہ کھلاڑیوں کی انتھک محنت اور اُن کے بلنڈ حوصلے اگر نہ ہوتے تو یہ کبھی ممکن نہ ہوپاتا۔

کھلاڑیوں کی کارکردگی کے بارے میں دعوے محض ہوائی نہیں ہیں بلکہ آج آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی ٹیسٹ رینکنگ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پہلے بات کرتے ہیں بلے بازوں کی، اوربلے بازوں کی بات ہو اور انگلینڈ کے مڈل آرڈر بیٹسمین جوئے روٹ کا ذکر نہ ہو یہ ممکن نہیں ہے۔یہی جوئے روٹ ہیں جنہوں نے 4 ٹیسٹ میں 73.83 کی اوسط سے 443 رنز بنائے ہیں۔ جن میں دو سنچریاں اور ایک نصف سینچری بھی شامل ہے۔

روٹ نے کارڈف میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی ہی سینچری بناکر مخالف ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی تھی۔ اسی میچ کی دوسری اننگز میں روٹ نے نصف سینچری بھی اسکور کی اور اِسی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر انگلستان یہ میچ باآسانی 169 سے جیت گیا تھا۔اگرچہ وہ دوسری میچ میں ناکام ثابت ہوئے اور بالترتیب 1 اور 17 رنز ہی بناسکے اور انگلینڈ کو اس میچ میں 405 کے بڑے مارجن سے شکست ہوئی۔ لیکن تیسری ہی میچ میں وہ دوبارہ فارم میں واپس آئے اور اپنی ٹیم کی فتح میں کردار نبھایا۔روٹ نے تیسرے میچ کی پہلی اننگ میں 63 رنز بنائے جائے دوسری اننگ میں ناقابل شکست 30 بنائے اور یوں انگلینڈ محض تیسرے دن 8 وکٹوں سے میچ جیتنے میں کامیاب ہوگیا۔ جہاں تک چوتھے میچ کی بات ہے تو یہ بلے بازوں کے لیے یقینی طورپر مشکل وکٹ تھی جس کا منہ بولتا ثبوت آسٹریلیا کا پہلی اننگ میں 60 رنز پر آل آوٹ ہونا ہے۔ لیکن جب انگلینڈ کو اس موقع پر برتری کی ضرورت تھی تو روٹ میدان میں آئے اور 130 رنز بناکر اپنی ٹیم کی امیدوں پر پورا اُترے۔

روٹ کی یہی کارکردگی تھی جس کی بنیاد پر وہ ٹیسٹ رینکنگ میںآسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ اور جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیویلئرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسرے نمبر سے پہلے نمبر پر آگئے۔

یہی معاملہ باولنگ کا بھی ہے۔چوتھے ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن کو تباہ کرنے والے اسٹوارڈ براڈ بھی نمبر 5 سے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔جن باولرز کو انہوں نے پیچھے چھوڑا ہے اُن میں پاکستان کے لیگ اسپینر یاسر شاہ ، نیوزی لینڈ کے فاسٹ باولر ٹرینٹ بولٹ اور ساتھ باولر جیمز انڈرسن ہیں۔

رواں ایشز سیریز میں21 وکٹوں کے ساتھ براڈ سب سے زیادہ وکٹیں لینے باولر بن گئے ہیں۔