سری لنکا نے پہلے ٹیسٹ کے لیے پرویز مہاروف کو طلب کر لیا

0 1,019

سری لنکا نے انگلستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے پرویز مہاروف کو متبادل کھلاڑی کے طور پر طلب کر لیا ہے۔ مہاروف کی طلبی کا سبب دلہارا فرنانڈو کی فٹنس کے حوالے سے پیدا ہونے والے خدشات ہیں۔ مہاروف اس وقت لنکاشائر کاؤنٹی کی نمائندگی کے لیے انگلستان میں موجود ہیں۔ گو کہ وہ انگلستان کے خلاف سیریز کے لیے اعلان کردہ اصل 16 رکنی دستے میں شامل نہیں تھے البتہ انہیں مڈل سیکس کے خلاف پہلے ٹور گیم میں کھلایا گیا تھا کیونکہ سری لنکا کے بیشتر کھلاڑی اس وقت بھارتی پریمیئر لیگ کھیلنے میں مصروف تھے۔

اب انہیں 26 مئی سے کارڈف میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے فرنانڈو کے متبادل کے طور پر طلب کیا گیا ہے اور اگر فرنانڈو صحت یاب نہیں ہوئے تو مہاروف 2007ء کے بعد پہلی بار کسی ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کی نمائندگی کریں گے۔ مہاروف اس وقت بھرپور فارم میں ہیں جنہوں نے لنکاشائر کی جانب سے پہلے میچ میں سنچری اسکور کی اور مڈل سیکس کےخلاف ٹور میچ میں انہیں دو وکٹیں ملیں۔

معلوم ہوا ہے کہ فرنانڈو گھٹنے میں تکلیف کا شکار ہیں تاہم اس کے باوجود انہوں نے انگلینڈ لائنز کے خلاف ٹور میچ میں شرکت بھی کی اور یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو غیر یقینی فتح دلائی۔

مہاروف نے 2004ء سے 2007ء کے درمیان 20 ٹیسٹ میچز میں سری لنکا کی نمائندگی کی اور 2009ء کے اوائل تک سری لنکا کے ایک روزہ دستے کے مستقل رکن رہے جس کے بعد متعدد بار زخمی ہونے اور اینجلو میتھیوز کی بطور آل راؤنڈر شاندار کارکردگی کے باعث وہ قومی ٹیم میں اپنی جگہ مضبوط نہ کر پائے۔ انہیں 2010ء ایشیا کپ کے لیے ٹیم میں طلب کیا گیا تھا تاہم اس کے بعد سے انہیں دوبارہ سری لنکا کی نمائندگی کا موقع نہیں ملا۔