”مارو یا مر جاؤ“ سے دوچار بھارت نے اسٹورٹ بنی کو طلب کرلیا

0 1,069

بھارت نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں مایوس کن شکست کے بعد اب دوسرے معرکے کے لیے تیاری شروع کردی ہے۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 20 اگست سے کولمبو میں کھیلا جائے گا جس کے لیے بھارت نے آل راؤنڈر اسٹورٹ بنی کو طلب کیا ہے۔

سال 2014ء کے دورۂ انگلستان میں بھارت کو تین-ایک سے شکست ہوئی تھی۔ جہاں مایوس کن بلے بازی اور باؤلنگ کو اس شکست کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا، وہیں کھلاڑیوں کے ناقص انتخاب کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہی دنوں کی ایک 'یادگار' اسٹورٹ بنی تھے۔ ناٹنگھم میں پہلے ٹیسٹ میں بھارت نے بلے بازی کے زور پر مقابلہ ڈرا کیا تو یہ بنی کا پہلا ٹیسٹ بھی تھا۔ پہلی اننگز میں محض ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہونے اور پھر گیندبازی میں کوئی وکٹ حاصل نہ کرنا کوئی اچھا آغاز نہیں تھا لیکن دوسری اننگز میں 78 رنز جوڑ کر بنی نے کسی حد تک اپنے انتخاب کو درست ثابت کیا اور یہی کارکردگی ان کے اگلے ٹیسٹ میں شمولیت کی وجہ بھی بنی۔ لارڈز میں بنی کی کارکردگی تو انتہائی مایوس کن رہی۔ وہ پہلی اننگز میں صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ دوسری میں تو صفر کی ہزیمت کا نشانہ بننا پڑا اور گیندبازی میں بھی 10 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے 45 رنز کھائے۔ بھارت مقابلہ تو جیت گیا لیکن بنی کی یہ مایوس کن کارکردگی کسی سے ڈھک چھپ نہ سکی اور وہ اگلے دونوں مقابلوں سے باہر کردیے گئے۔

جب انگلستان کے خلاف پانچویں مقابلے میں 'کرو یا مرو' کے مقام تک پہنچا دیا، تو بھارت نے دو ٹیسٹ میں آرام دیے جانے کے بعد بنی کو دوبارہ آزمایا۔ پھر جہاں پوری ٹیم ناکام ہوئی، وہیں بنی بھی کچھ خاص کارنامہ نہ دکھا پائے۔ پہلی اننگز میں بھارت کے 148 رنز میں ان کا حصہ محض 5 رنز کا تھا اور دوسری باری میں بھی انہوں نے صرف 25 رنز بنائے۔ لیکن ٹھیریے، دوسری اننگز میں تو بھارت کی پوری ٹیم صرف 94 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور بنی 'ٹاپ اسکورر' تھے۔ لیکن باؤلنگ میں بری طرح پٹنے اور بھارت کی وطن سے باہر ایک اور بری شکست نے بنی پر ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے بند کردیے۔

اس کے ایک سال بعد اب جبکہ بھارت کو سری لنکا میں ایک مایوس کن شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، اگلے مقابلے کے لیے بنی کو طلب کیا گیا ہے۔ 3 ٹیسٹ مقابلوں میں 118 رنز بنانے لیکن کوئی وکٹ نہ حاصل کر پانے والے اسٹورٹ بنی ماضی کے ایک معروف کھلاڑی راجر بنی کے صاحبزادے ہیں۔

کیا اسٹورٹ بنی اپنی کارکردگی کے ذریعے بھارت کی شکست کا ازالہ کر پائیں گے کہ جو پہلی اننگز میں 192 رنز کی برتری ملنے کے باوجود بھارت کو ملی؟ اگر کولمبو میں بھارت نے فیصلہ کن ضرب لگانے میں کمزور دکھائی تو یہ سیریز بھی اس کے ہاتھ سے نکل جائے گی۔ یوں بیرون ملک بھارت کے نہ جیت پانے کا سلسلہ مزید دراز ہوجائے گا۔