بھارتی کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں نیا اضافہ

0 1,017

سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کی 'بو' پا لینے کے بعد مقابلے سے باہر ہوجانے والے بھارت کو ایک نئی پریشانی سے گھیر لیا ہے۔ اِن فارم بلے باز شیکھر دھاون زخمی ہونے کے بعد جاری سیریز سے ہی باہر ہوگئے ہیں۔

گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں شرمناک ناکامی کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کی ویسے ہی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں اور ان پر سخت دباؤ ہے کہ وہ دوسرے مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے سیریز کو برابری پر لا کھڑا کریں مگر شیکھر کے زخمی ہونے سے اب حالات مزید بگڑ گئے ہیں۔

دھاون پہلے ٹیسٹ کے دوران دائیں ہاتھ پر گیند لگنے سے زخمی ہوئے تھے اور جانچ کے بعد رپورٹ میں معلوم ہوا ہے کہ ان کے ہاتھ میں فریکچر ہوگیا ہے۔ جس سے نجات پانے کے لیے انہیں کم از کم چار سے چھ ہفتے درکار ہوں گے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ بقیہ دو ٹیسٹ مقابلے کھیلنے سے قاصر رہیں گے۔ یاد رہے کہ دھاون پہلے ٹیسٹ میں بھارت کے سب سے کامیاب بلے باز تھے جنہوں نے پہلی اننگز میں 134 اور دوسری میں 28 رنز بنائے تھے۔

یہ سیریز میں بھارت کا پہلا نقصان نہیں ہے۔ ان سے قبل اوپننگ بلے ابز مرلی وجے بھی زخمی ہوکر باہر ہوچکے ہیں۔ ان کے متبادل کے طور پر لوکیش راہول کو آزمایا گیا تھا، جو خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ اگرچہ بھارتی بورڈ نے بقیہ دو ٹیسٹ مقابلوں کے لیے دستے کا اعلان کردیا ہے لیکن اس میں دھاون کی جگہ کوئی نیا کھلاڑی شامل نہیں جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ شاید مرلی وجے صحت یاب ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور ممکنہ طور پر دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے۔