آئرلینڈ پاکستان سیریز: نیال اوبرائن زخمی، آئرلینڈ نے اینڈریو پوینٹر کو طلب کر لیا

0 1,044

اینڈریو پوینٹر کو پاکستان کے خلاف دو ایک روزہ بین الاقوامی میچز کی سیریز کے لیے طلب کر لیا گیا ہے انہیں زخمی نیال او برائن کی جگہ آئرش دستے میں بلایا گیا ہے۔

اوبرائن ہمپشائر کے خلاف اپنی کاؤنٹی نارتھمپٹن شائر کی نمائندگی کر رہے تھے جہاں 121 رنز کی شاندار سنچری اننگ کے دوران انہیں سائمن جونز کی ایک گیند بائیں ہاتھ پر لگی جس سے ان کی انگلی میں فریکچر ہو گیا، جس کی وجہ سے وہ پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان فارم اوبرائن کا زخمی ہونا آئرلینڈ کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

پوینٹر نے آخری مرتبہ ستمبر 2010ء میں کینیڈا کے خلاف آئرلینڈ کی نمائندگی کی تھی تاہم انہیں دستے میں بیک اپ کے طور پر ہی طلب کیا گیا ہے کیونکہ اب بطور وکٹ کیپر پہلا انتخاب گیری ولسن ہی ہوں گے۔

آئرلینڈ کے کوچ فل سمنز نے کہا ہے کہ انتہائی شاندار فارم میں موجود نیال کا زخمی ہونا ایک بہت بڑا نقصان ہے، ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس گیری کی صورت میں دوسرا وکٹ کیپر موجود ہے۔

اوبرائن قومی ٹیم کی نمائندگی کا یہ موقع کھونے پر افسردہ ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ان بین الاقوامی مقابلوں سے باہر ہونا بہت مایوس کن ہے کیونکہ پاکستان کے خلاف ان کی انتہائی شاندار یادیں وابستہ ہیں جب انہوں نے 2007ء کے عالمی کپ کے گروپ میچ میں پاکستان کو شکست دے کر اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کی تھی اور اس میچ میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دس روز میں ان کا دوسرا ایکسرے ہوگا اور انہیں امید ہے کہ تین ہفتوں میں وہ ایک مرتبہ پھر ایکشن میں نظر آئیں گے۔

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دو ایک روزہ بین الاقوامی میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 28 مئی کو اسٹورمنٹ، بیلفاسٹ میں ہوگا۔ 30 مئی کو دونوں ٹیمیں دوسرا و آخری میچ بھی یہیں کھیلیں گی۔