پی سی بی میں اکھاڑ پچھاڑ کا امکان

0 1,126

پاکستان کرکٹ بورڈ میں ایک مرتبہ پھر بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا امکان ہے اور مختلف عہدیداران کے 'قلمدانوں' میں تبدیلی کے امکانات دکھائی دیتے ہیں۔ چیف سلیکٹر سے لے کر چیئرمین کے خصوصی مشیر، چیف آپریٹنگ آفیسر، ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ اور دیگر اہم عہدوں پر تبدیلیاں متوقع ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ سب سے اہم تبدیلی چیف آپریٹنگ آفیسر کے عہدے پر ہوگی جہاں اس وقت سبحان احمد فائز ہیں۔ موجودہ ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ ایزد سید کو اس عہدے پر ترقی دیے جانے کا امکان ہے۔ انہیں چیئرمین شہریار خان اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی نجم سیٹھی کی آشیرباد بھی حاصل ہے۔ ایزد سید کے موجودہ عہدے پر چیف سلیکٹر ہارون رشید فائز ہو سکتے ہیں، جنہیں ابھی چند ماہ پہلے ہی سلیکشن کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ماضی میں متعدد بار چیف سلیکٹر کے عہدے پر رہنے، اور اس کے بعد چھوڑ دینے، والے اقبال قاسم ایک مرتبہ پھر اسی عہدے پر آنے والے ہیں۔ اقبال قاسم 2009ء اور 2012ء میں دو مرتبہ چیف سلیکٹر رہ چکے ہیں اور دونوں مرتبہ عہدے سے استعفیٰ دے کر جان چھڑائی لیکن اب دوبارہ اس 'گرم آلو' کو تھامنے کے لیے تیار ہیں۔

اس صورتحال میں یہ جاننا بھی دلچسپ ہوگا کہ آخر سبحان احمد کہاں جائیں گے؟ بطور اسٹینو گرافر پی سی بی میں شمولیت اختیار کرنے والے سبحان ترقی کی تمام منازل طے کرتے ہوئے جس مقام تک پہنچے ہیں، ضرور ان کے لیے کوئی مزید اہم اور بڑا عہدہ منتظر ہوگا۔ دیکھتے ہیں، آئندہ چند روز میں کیا صورتحال سامنے آتی ہے۔