پی سی بی نے ’’پاکستان سپر لیگ‘‘ کا حتمی اعلان کردیا

0 1,035

سالہا سال کے طویل انتظار کے بعد بالآخر پاکستان کرکٹ بورڈ نے مجوزہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی حتمی تاریخ اور مقام کا اعلان کردیا ہے۔

پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل اگلے سال 4 فروری سے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں شروع ہوگی۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا باضابطہ اجراء ستمبر کے تیسرے ہفتے میں لاہور میں ہوگا۔

لیگ کی تفصیل بتاتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اگلے تین ماہ میں ٹورنامنٹ کا مکمل منصوبہ، نشریات کے حقوق، اسپانسرشپ اور فرنچائز ملکیت کے معاملات نمٹ جائیں گے۔ فرنچائزز کے حصول کے لیے سرفہرست فریقین مذاکرات کررہے ہیں اور نشریات کار اور اسپانسرز کی جانب سے بھی زبردست دلچسپی دکھائی دے رہی ہے۔

نجم سیٹھی نے صحافیوں کو بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے درحقیقت پی ایس ایل کو متحدہ عرب امارات میں منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا تھا جو 2009ء کے بعد سے اب پاکستان کرکٹ کا گھر ہے لیکن اس معاملے پر جب امارات کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ماسٹرز چیمپئنز لیگ کی وجہ سے انکار کردیا جس کے بعد متعدد اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ جامع مذاکرات کے بعد پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے لیے ترجیحی مقام کی حیثیت سے دوحہ کے نام کو حتمی شکل دیں۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل تفریح اور کرکٹ کا زبردست ملاپ ہوگا اور پاکستان کرکٹ کی سب سے بہترین مثال بھی۔ اِس بار ہمارا ارادہ ہے کہ ہم پانچ ٹیموں سے آغاز کریں، جو پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور کے ناموں پر ہوں گی۔ البتہ اگلے ایڈیشنز میں ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

لیگ میں کون سے کھلاڑی کھیلیں گے، اس کو حتمی صورت دینا تو ابھی باقی ہے لیکن نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بھارت کے سوا کرکٹ کھیلنے والے تمام ممالک کے سرفہرست کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ اس وقت 40 بین الاقوامی کھلاڑیوں کی رضامندی موجود ہے۔ اس کے علاوہ سرفہرست غیر ملکی کوچز کا اہتمام بھی کیا جائے گا جبکہ ٹورنامنٹ کی کل انعامی رقم ایک ملین ڈالرز تک ہوگی۔