بھارت نہ کھیلا تو پاکستان کرکٹ مر نہیں جائے گی، شہریار خان

4 1,029

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ بھارت سے کھیلے بغیر بھی پاکستان کرکٹ زندہ رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی لیکن ساتھ ہی اس امید کا اظہارکیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ دونوں ممالک کے درمیان دستخط شدہ مفاہمت کی یادداشت کا پابند رہے گا اور مستقبل میں باہمی سیریز کے امکانات کو بہتر بنائے گا۔

معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ موجودہ حالات کو دیکھیں تو پاک-بھارت سیریز کے امکانات بہت کم دکھائی دیتے ہیں، لیکن ہمیں اس حقیقت کا ادراک کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے کہ بھارت اب نہیں کھیلے گا۔ گو کہ ابھی بی سی سی آئی سے باضابطہ طور پر انکار نہیں کیا لیکن ہر غیر یقینی کی کیفیت میں مزید نہیں رہ سکتے اور جلد ہی کوئی متبادل منصوبہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ "حالات بہتر ہونے کی امید ہے لیکن فی الوقت سیاسی تناؤ بہت زیادہ ہے۔ گو کہ دونوں ممالک کے تعلقات پیچیدہ ہیں لیکن اس کا نقصان کرکٹ کو نہيں ہونا چاہیے کیونکہ یہ باہمی تناؤ کم کرنے کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔

بھارت نے "بگ تھری" معاملے پر پاکستان کی حمایت حاصل کرنے کے لیے اسے باہمی سیریز کا 'لالی پاپ' دیا تھا۔ یہاں تک کہ آئندہ 8 سالوں میں چھ سیریز کھیلنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کردیے، جس کے مطابق دسمبر 2015ء میں متحدہ عرب امارات میں ایک مکمل سیریز کھیلی جانی ہے جو اب ایک خواب دکھائی دیتی ہے۔ یہ 2007ء کے بعد دونوں ممالک کی پہلی باہمی سیریز ہوتی۔ گوکہ 2012ء کےاواخر میں پاکستان محدود اوورز کی ایک مختصر سیریز کھیلنے بھارت گیا تھا لیکن ٹیسٹ کرکٹ اب تک بحال نہیں ہوسکی۔

شہریار خان کہتے ہیں کہ "ہمیں معلوم ہے کہ بھارتی کرکٹ بوڈ مالی طور پر مضبوط ہے اور پاکستان سے نہ کھیل کے انہیں کوئی نقصان نہیں ہوگا لیکن اس پورے معاملے میں ہمیں سخت نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ پھر بھی ایسا نہیں کہ ہماری بقاء خطرے میں پڑ گئی ہو، پاکستان کرکٹ زندہ رہی، زندہ ہے اور آگے بھی زندہ رہ سکتی ہے لیکن کرکٹ جیسے کھیل کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔ اس لیے ہماری کوشش ہے کہ مفاہمت کی یادداشت کے مطابق سیریز بحال ہو۔ بھارت کو اس یادداشت کا احترام کرنا چاہیے، اور اگر نہیں کرتے تو پھر وہی ذمہ دار ہوں گے۔ "

واضح رہے کہ گزشتہ روز شہریار خان نے کہا تھا کہ کسی بھی صورت میں وہ اپنی سیریز بھارت جاکر نہیں کھیلیں گے، جس کے بعد پاک-بھارت آئندہ سیریز کے امکانات تقریباً صفر ہوگئے ہیں جو دونوں ملکوں کے سیاسی تناؤ کی وجہ سے ویسے ہی کھٹائی میں پڑی ہوئی تھی۔