چھ اوورز، تمام میڈن، بغیر کوئی رن دیے 4 وکٹیں

0 1,006

آکشر پٹیل بھارت کے کرکٹ منظرنامے پر نسبتاً ایک چھوٹا نام ہیں۔ 18 ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کرنے والے 21 سالہ گجراتی اسپنر نے ایک انوکھا کارنامہ آج سرانجام دیا ہے جب انہوں نے جنوبی افریقہ 'اے' کے خلاف ایک مقابلے میں بغیر کوئی رن دیے 4 وکٹیں حاصل کیں اور بھارت 'اے' کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کارکردگی کی خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے 6 اوورز پھینکے، جو سب کے سب میڈن تھے۔

وایاند میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے 260 رنز کے جواب میں بھارت 'اے' نے 417 رنز بنائے اور اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا۔ اب جنوبی افریقہ 157 رنز کے بڑے خسارے میں تھا اور جو کسر رہ گئی تھی، وہ آکشر نے پوری کردی۔ سب سے پہلے ریزا ہینڈرکس کو بولڈ کیا اور اس کے بعد تمبا باووما، کپتان ڈین ویلاس اور آخر میں ڈین پیڈٹ کی وکٹ حاصل کی۔ کچھ ہی دیر بعد جنوبی افریقہ 'اے' کی دوسری اننگز صرف 76 رنز پر تمام ہوئی اور یوں بھارت 'اے' نے مقابلہ ایک اننگز اور 81 رنز سے جیت لیا۔ جنوبی افریقہ 'اے' کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک اور ستیان وان زیل کے سوا کوئی بلے باز دہرے ہندسے میں داخل نہیں ہوسکا۔ آکشر نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں، یوں میچ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 9 ہوگئی۔

اس کامیابی کی بدولت بھارت 'اے' نے دو مقابلوں کی سیریز بھی ایک-صفر سے جیت لی جو جنوبی افریقہ کے آئندہ دورۂ بھارت سے قبل ایک اچھا شگون ہے۔