کولمبو ٹیسٹ، پجارا بھارت کے لیے مرد بحران

0 1,001

سری لنکا اور بھارت کے مابین کولمبو میں جاری تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں بھارت نے چیتشور پجارا کی شاندار سنچری کی بدولت 8 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنالیے۔

پہلے دن کا کھیل بارش سے متاثر ہونے کے بعد بھارت نے دوسرے دن اپنی اننگز کا آغاز 2 وکٹوں کے نقصان پر 50 رنز کے ساتھ کیا۔ دوسرے دن کا آغاز بھی اس طرح ہوا کہ سری لنکا کے گیند باز چھائے رہے اور دن کے آٹھویں ہی اوور میں سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اِس وقت پجارا تنِ تنہا ٹیم کو سہارا دینے کے لیے کوششیں کررہے تھے مگر دوسری طرف کوئی بھی کھلاڑی ساتھ دینے میں کامیاب نہیں ہورہا تھا۔ کپتان کی خالی جگہ پُر کرنے کے لیے روہیت شرما وکٹ پر آئے تھے۔ چوتھی وکٹ کے لیے شرما اور پجارا نے ابھی 55 رنز کی شراکت داری ہی قائم کی تھی کہ پرساد نے روہیت کو 26 رنز پر آؤٹ کیا۔ اِس وقت بھارت کا کل اسکور119 تھا۔ لیکن جس کھلاڑی کو بھارت نے ٹیم کی مدد کے اسکواڈ میں شامل کیا تھا، وہ اگلی ہی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگیا، یہ تھے اسٹورٹ بنی۔ اِس وقت معاملہ یہ تھا کہ آدھی بھارتی ٹیم صرف 119 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے تھے۔ اب کی بار وریدھمن ساہا کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے نامن اوجھا نے پجارا کے ساتھ کچھ مزاحمت کی اور ٹیم کے اسکور میں 54 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 21 رنز پر تھارنڈو کوشال کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اگلے آنے والے روی چندرا آشون بھی کچھ زیادہ نہ کرسکے اور محض پانچ رنز بناکر پرساد کی گیند کا شکار ہوگئے۔ جب محض 180 رنز پر 7 کھلاڑی آؤٹ ہوجائیں تو پریشانی تو بنتی ہے۔ مگر اصل کھیل کا آغاز تو اس وقت ہی ہوا۔

اپنی گیند بازی سے بلے بازوں کو گھمانے والے امیت مشرا نے پجارا کے ساتھ مل کر مخالف ٹیم کے گیند بازوں کو ہی گھما دیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے آٹھویں وکٹ کے لیے 104 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ مشرا نے 59 رنز کی شاندار کھیلی اور رنگانا ہیراتھ کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے۔مگر بھارتی اننگز کی خاص بھارت پجارا کی ذمہ دارانہ سنچری تھی۔ نوجوان بلے باز نے 277 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے 135 رنز بنائے اور اب بھی وکٹ پر موجود ہیں۔

سری لنکا کی جانب سے دھمیکا پرساد چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب گیند باز رہے جبکہ بقیہ 4 گیند بازوں نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔