بھارت-جنوبی افریقہ مقابلوں کا نیا نام ”گاندھی-منڈیلا سیریز“

1 1,063

جنوبی افریقہ اور بھارت کے کرکٹ بورڈوں نے مشترکہ طور پر اعلان کیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی آئندہ سیریز اور اُس کے بعد کی تمام دوطرفہ سیریزوں کا نام 'گاندھی-نیلسن منڈیلا سیریز' ہو گا۔

رواں ماہ یعنی ستمبر کی 29ویں تاریخ سے جنوبی افریقہ کی ٹیم بھارت کے 70 روزہ دورے کا آغاز کر رہی ہے، جہاں وہ تین ٹی ٹوئنٹی، پانچ ایک روزہ مقابلے، اور چار ٹیسٹ کھیلے گی۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈوں نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی افریقہ اور بھارت کے مابین ٹیسٹ سیریز موہن داس کرم چند گاندھی اور نیلسن منڈیلا کی آزادی و شہری حقوق کی تحریکوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے 'فریڈم ٹرافی' کے حصول کے لیے کھیلی جائے گی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر جگموہن ڈالمیا نے کہا کہ"آزادی کے لیے یکساں جدوجہد دونوں ملکوں کے درمیان مشترک ہے۔ مہاتما گاندھی اور نیلسن منڈیلا نے اپنی عدم تشدد اور عدم تعاون پر مبنی تحریکوں سے ہماری قوموں کو آزادی دلائی، اور اُنہوں نے پوری دنیا کو امن و آشتی کے ساتھ اپنے مقاصد کے حصول کی جدوجہد کا پیغام دیا۔ وہ دونوں شخصیات ہماری قومی و روحانی رہنما ہیں اور ہم یہ ٹرافی انہیں کے نام سے موسوم کر رہے ہیں۔

بی سی سی آئی کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ "اس ٹرافی کا نام 'آزادی ٹرافی' رکھا گیا ہے۔ یعنی وہ آزادی جس کے لیے مہاتما گاندھی اور نیلسن منڈیلا نے اپنی زندگیاں قربان کی تھیں جس کے نتیجے میں ہم غلامی و جبر سے آزاد قوموں کے طور پر ابھر سکے۔ اس سیریز کو ان عظیم رہنماؤں کے نام سے منسوب کر کے بی سی سی آئی اپنے ملک کے ہر شہری کی جانب سے انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہا ہے اور اس بات کی آرزو بھی کر رہا ہے کہ ہمارے ملک کا ہر شہری ان رہنماؤں کے بتائے ہوئے عمدہ اصولوں کو اپنائے گا اور ان کی دکھائی ہوئی راہ پر گامزن ہو گا۔"

جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ کرکٹ ساؤتھ افریقہ (سی ایس اے) کے صدر کرِس نینزانی نے اپنی رائے کا اظہار اِن الفاظ میں کیا: "مہاتما گاندھی اور نیلسن منڈیلیا کے محترم نام اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ ہم اُن کی اصولی میراث کے مطابق زندگی بسر کریں۔ اُن کا سب سے اہم طرزِ عمل یہ تھا کہ وہ حق بات کے دفاع میں کھڑے ہوئے اور اپنی ذاتی مشکلوں، صعوبتوں اور نقصانوں کی پروا کیے بغیر اُنہوں نے اپنے اپنے ملکوں کو آزادی تک پہنچایا، چاہے اس میں کتنی ہی مدت کیوں نہ لگ گئی ہو۔"

کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے اس موقع پر کہا کہ "ہم دونوں ممالک کے عوام کے لیے مہاتما گاندھی اور نیلسن منڈیلا کے نظریات اور اصولوں کی پابندی سے بڑھ کر کوئی قومی ذمہ داری نہیں ہے۔ کرکٹ سے لگاؤ رکھنے والے لوگوں کے طور پر اگرچہ ہمیں کھیل کے میدان پر جیتنے کی بھرپور کوشش کرنی چاہیے، تاہم باہمی کانٹے دار مقابلوں کے دوران ان دو عظیم رہنماؤں کے جدوجہدی طرزِ عمل کو نہیں بھولنا چاہیے۔ ہم دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی آئندہ تمام سیریزوں کا نام گاندھی اور منڈیلا پر رکھا جانا ہمارے لوگوں اور کھلاڑی کے لیے ایک زبردست خوش خبری ہے اور میں اس سلسلے میں مدد کرنے کے لیے نیلسن منڈیلا فاؤنڈیشن کا شکرگزار ہوں۔"