سابق ٹیسٹ کرکٹر، اب ٹیکسی ڈرائیور

2 1,075

کیا آپ کو ارشد خان یاد ہیں؟ وہی طویل قامت اسپن گیندباز جنہوں نے 1997ء میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا اور 2006ء تک 6 ٹیسٹ اور 58 ایک روزہ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔ جن میں سری لنکا کے خلاف 5 ٹیسٹ میچز میں 22 وکٹوں کی شاندار کارکردگی بھی شامل تھی۔ لیکن اب وہ کہاں ہیں؟ ایک سوشل میڈیا صارف گنیش برلے کا کہنا ہے کہ وہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ٹیکسی چلاتے ہیں۔

فیس بک پر بیان کردہ داستان میں گنیش کہتے ہیں کہ "ارشد خان ہماری ٹیکسی کے ڈرائیور تھے۔ سفر کے دوران جب بات چیت شروع ہوئی تو انہوں نے بتایا کہ ان کا تعلق پاکستان سے ہے اور اب وہ سڈنی میں قیام رکھتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انڈین کرکٹ لیگ میں وہ لاہور بادشاہ کی جانب سے کھیلنے کے لیے بھارتی حیدرآباد بھی جا چکے ہیں۔ میں نے جب پورا نام پوچھا تو ان کا چہرہ دیکھ کر مجھے سخت دھچکا پہنچا کیونکہ میں انہیں پہچان رہا تھا۔ پھر ان سے ہاتھ ملایا اور چلا گیا۔"

گنیش کا کہنا ہے کہ "ارشد بات چیت سے کترا رہے تھے، تاہم ان کی زبان سے نکل ہی گیا کہ ان کا تعلق کہاں سے ہے۔ انہوں نے اپنا تعارف یوں پیش کیا تھا 'میں پاکستان سے ہوں لیکن میں کافی عرصے سے سڈنی میں ہوں'۔ جب ہم ٹیکسی میں سوار ہوئے تو ایک اچھے ٹیکسی ڈرائیور کی طرح انہوں نے ہم سے پانی وغیرہ کے بارے میں بھی پوچھا۔"

ارشد خان نے اپنا آخری ٹیسٹ 2005ء میں بھارت کے خلاف بنگلور کے مقام پر کھیلا تھا۔ یہ وہی تاریخی مقابلہ تھا جس میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی اور ارشد نے راہول ڈریوڈ اور عرفان پٹھان کی قیمتی وکٹیں حاصل کی تھیں۔ مجموعی طور پر ارشد خان کی ٹیسٹ وکٹوں کی تعداد 32 تھی جبکہ انہوں نے ایک روزہ میں 56 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فرسٹ کاس کرکٹ میں انہوں نے 601 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ان کی یادگار ترین وکٹ بلاشبہ سچن تنڈولکر کی تھی جو انہوں نے 2006ء میں بھارت کے خلاف پشاور کے مقام پر ایک ون ڈے میں حاصل کی تھی۔ روایتی حریف کے خلاف ان کی بہترین ایک روزہ کارکردگی بھی سامنے آئی۔ 2005ء میں انہوں نے کوچی کے مقام پر پہلے ایک روزہ میں صرف 33 رنز د ےکر چار بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

ارشد خان کی داستان نیوزی لینڈ کے سابق کھلاڑی ایون چیٹ فیلڈ کی کہانی سے مشابہ دکھائی دیتی ہے، جو اب ویلنگٹن میں ٹیکسی چلاتے ہیں۔