عظیم بلے باز ڈان براڈ مین کا ’’کوٹ‘‘ بھی عظیم

0 1,035

عظیم آسٹریلوی بلے باز سر ڈان براڈ مین کی عزت صرف اُن کی حیاتی میں ہی نہیں تھی بلکہ اُن کے جانے کے بعد بھی لوگ اُن کو عظیم کھلاڑی کے طور پر یاد کرتے ہیں، بالکل اِسی طرح لوگ اُن کی بلے بازی کے ہی شائق نہیں تھے بلکہ اُن کی باقیات کے لیے بھی پاگل ہیں اور اِس کی تازہ مثال ہے اُس کوٹ کی نیلامی جو براڈ مین نے بطور کپتان پہلی بار پہنا تھا۔

پیر کو آسٹریلوی شہری میلبرن میں ہونے والی نیلامی کے لیے کوٹ کی رقم کا تخمینہ 70 ہزار ڈالر لگایا گیا تھا مگر منتظمین کا طے شدہ تخمینہ اُس وقت غلط ثابت ہوگیا جب لینے والے نے یہ کوٹ 91 ہزار 4 سو 10 ڈالر میں خریدا اور ٹیکس ملا کر جس کی کل قیمت ا لاکھ 32 ہزار ڈالر بن گئی تھی۔

براڈ مین نے یہ کوٹ 37-1936 میں بطور کپتان پہلی بار انگلستان کے خلاف سیریز میں پہنچا تھا جس میں آسٹریلیا کو 2-3 سے فتح نصیب ہوئی تھی۔

کوٹ کی تیاری سے متعلق منتظمین بتاتے ہیں کہ کوٹ میں سونے سے تیار کردہ لیس لگائی گئی ہے جبکہ سینے کی جیب پر آسٹریلیا کی مخصوص علامت اور براڈ مین کے نام کی کڑھائی کی ہوئی ہے۔

نیلامی کے منتظم میکس ویلم سن کا کہنا تھا کہ کوٹ کی نیلامی کا تجربہ بہت کامیاب رہا بلکہ یہ کہنا چاہیے کہ ہماری اُمیدوں سے بھی زیادہ کامیاب رہا ہے۔ ولیم سن کا کہنا تھا کہ نیلامی کے لیے دو لوگ زیادہ دلچسپ دکھائی دیے۔ ایک بذریعہ فون نیلامی میں شامل تھا جبکہ دوسرا ہال میں موجود تھا۔ نیلامی کا آغاز فون پر موجود فرد کی طرف سے کیا گیا اور پہلی بولی 50 ہزار ڈالر کی لگائی گئی مگر کامیابی ہال میں موجود فرد کو ملی۔

واضح رہے کہ اِس سے قبل براڈ مین کے بلے کی نیلامی بھی ہوچکی ہے جس کا تخمینہ تو 20 ہزار ڈالر لگایا تھا مگر اُس کی فروخت 65 ہزار ڈالر میں ہوئی۔

سر براڈ مین 2001 میں 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، انہوں نے 52 ٹیسٹ 99.94 کی اوسط سے 6996 رنز سکور کیے۔