کمار دھرماسینا اور رچرڈ کیٹل بورو ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل

0 1,133

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کمار دھرماسینا اور رچرڈ کیٹل بورو کو امپائرز کے ایلیٹ پینل میں شامل کر لیا ہے۔

کمار دھرماسینا 1996ء میں عالمی کپ جیتنے والے سری لنکن دستے کا حصہ بھی رہ چکے ہیں

کرک نامہ کو موصول ہونے والے آئی سی سی کے اعلامیہ کے مطابق دونوں امپائرزں کو آئی سی سی کے امپائرز سلیکشن پینل نے سالانہ نظر ثانی و انتخاب کے عمل کے بعد سب سے اعلی سطحی کے امپائرز میں شامل کیا ہے۔ یہ دونوں امپائرز ڈیرل ہارپر اور اشوکا ڈی سلوا کی جگہ لیں گے۔

ڈیرل ہارپر کا معاہدہ رواں سال جولائی میں مکمل ہو رہا ہے جبکہ اشوکا ڈی سلوا مسلسل ناقص کارکردگی کے باعث ایلیٹ پینل سے باہر کیے گئے ہیں۔

آئی سی سی کے جنرل مینیجر کرکٹ اور سلیکشن پینل کے کنوینر ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ دونوں کی ترقیاں سخت محنت اور متاثر کن کارکردگی کا نتیجہ ہے اور ان کی تقرری دیگر امپائروں کے لیے محرک ثابت ہوگی۔

40 سالہ کمار دھرماسینا نے 2009ء میں اپنے امپائرنگ کیریئر کا آغاز کیا جس کےبعد سے وہ 2 ٹیسٹ، 25 ایک روزہ بین الاقوامی اور 3 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچز سپروائز کر چکے ہیں۔ اس سے قبل وہ 1993ء سے 2004ء تک سری لنکا کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں جس میں انہوں نے 31 ٹیسٹ اور 141 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے اور دونوں طرز کی کرکٹ میں بالترتیب 69 اور 138 وکٹیں حاصل کیں۔

کولمبو، سری لنکا میں پیدا ہونے والے سابق آف اسپنر 1996ء میں عالمی کپ جیتنے والے سری لنکن دستے کا حصہ تھے اور انہوں نے 2011ء کے عالمی کپ میں امپائرنگ کے فرائض بھی انجام دیے جس میں میرپور میں کھیلا گیا بھارت بنگلہ دیش افتتاحی میچ بھی شامل تھا۔

38 سالہ کیٹل بورو اب ایلیٹ پینل کے کم عمر ترین رکن بن گغے ہیں۔ یارکشائر سے تعلق رکھنے والے کیٹل بورو نے 1994ء سے 1999ء کے دوران انگلش کاؤنٹی چیمپین شپ میں مڈل سیکس اور یارکشائر کی جانب سے 33 فرسٹ کلاس میچز کھیلے۔ 2006ء میں انہیں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اپنے امپائرز پینل میں شامل کیا۔

کیٹل بورو نے اپنے بین الاقوامی امپائرنگ کیریئر کا آغاز 2009ء میں اولڈ ٹریفرڈ میں انگلستان و آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کے ذریعے کیا۔ اب تک وہ 2 ٹیسٹ، 16 ایک روزہ بین الاقوامی اور 2 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے سپروائز کر چکےہیں۔ وہ عالمی کپ 2011ء میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے 18 امپائروں میں بھی شامل تھے۔

دونوں امپائروں نےاپنے انتخاب کو قابل فخر اور خوش کن لمحہ قرار دیا۔

ان دو نئی تقرریوں کے بعد آئی سی سی کا ایلیٹ پینل آف امپائرز (2011 – 12ء) مندرجہ ذیل امپائروں پر مشتمل ہے:

(بلحاظ حروف تہجی)

اسد رؤف

اسٹیو ڈیوس

این گولڈ

بلی باؤڈن

بلی ڈاکٹروو

رچرڈ کیٹل بورو

روڈ ٹکر

سائمن ٹوفل

علیم ڈار

کمار دھرما سینا

ماریس ایرسمس

ٹونی ہل