جارح مزاج کرس گیل نے رضا مندی کا اظہار کردیا

0 1,020

ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے حوالے سے اچھی خبریں موصول ہورہی ہیں اور اِنہیں اچھی خبروں میں دھماکے دار خبر یہ ہے کہ ویسٹ انڈیز کے جارح مزاح اوپنر کرس گیل نے بھی لیگ میں شمولیت کے لیے رضامندی کا اظہار کردیا ہے۔

یہ بات پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چئیرمین نجم سیٹھی نے ٹوئٹر کے ذریعے شائقین کرکٹ تک پہنچائی۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ صرف گیل نے ہی نہیں بلکہ ویسٹ انڈیز کے ہی ڈیرن سیمی نے بھی لیگ میں شامل ہونے کا عندیہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ نجم سیٹھی طویل عرصے سے کرس گیل سے رابطے میں تھے اور اگر یہ کہا جائے کہ رضا مندی کے اظہار کے لیے پی سی بی کو ’’بہت پاپڑ بیلنا پڑے ہیں‘‘ تو غلط نہیں ہوگا۔

اگر نجم سیٹھی کے مطابق گیل جو اپنے بلے سے گیند کو میدان سے باہر پھینکنے کے عادی ہیں لیگ میں شامل ہوجاتے ہیں تو یقینی طور پر یہ لیگ کی کامیابی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہوگا۔

اب تک ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور سری لنکا کے کھلاڑی چند کھلاڑی پاکستان سپر لیگ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کر چکے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے جن کھلاڑیوں نے حامی بھری ہے ان میں مایہ ناز آل راؤنڈرز کیرون پولارڈ اور ڈیوین براوو، بہترین اسپنر سنیل نرائن، ڈیوین اسمتھ اور سیموئل بدری شامل ہیں۔ سری لنکا کے نمبر ایک ٹی ٹوئنٹی بلے باز تلکارتنے دلشان کے علاوہ تھیسارا پیریرا بھی پاکستان سپر لیگ میں دلچسپی رکھتے ہیں اور غالباً اجنتھا مینڈس بھی غیر ملکی کھلاڑیوں کی فہرست میں جگہ پائیں۔ جنوبی افریقہ کے رابن پیٹرسن اور رچرڈ لیوی، انگلستان کے مائیکل کاربیری اور ٹم بریسنن اور نیوزی لینڈ کے گرانٹ ایلیٹ اور جیمز فرینکلن پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں کھیلتے نظر آ سکتے ہیں۔ آسٹریلیا کے بریڈ ہوج بھی ممکنہ طور پر کسی پاکستانی فرنچائز کی جانب سے کھیلیں گے۔

یاد رہے پی ایس ایل کا انعقاد فروری 2016 میں دوحہ کے میدان میں ہوگا۔ ایونٹ کے حوالے سے بورڈ نے جو پالیسی ترتیب دی ہے اُس کے مطابق ایونٹ میں 5 ٹیمیں شرکت کریں گی یعنی اسلام آباد، سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختوانخواہ۔ ہر ٹیم میں 5 غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کیا جاسکے جبکہ باقی پاکستانی کھلاڑی ہوں گے۔