انگلینڈ و زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان، نئے کھلاڑی بھی شامل

1 1,037

پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف اکتوبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والی سیریز کے سلسلے میں تینوں طرز کی ٹیموں کا اعلان کردیا ہے جس میں نمایاں بات 5 سال بعد بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے فواد عالم کی واپسی ہے جبکہ سینئر بلے بازی یونس خان ایک بار پھر ایک روزہ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

فواد عالم نے آخری ٹیسٹ میچ نومبر 2009 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا مگر اُس کے بعد سے اب تک سلیکٹرزکی نظریں اُن پر نہیں پڑیں۔ لیکن ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل شاندار کارکردگی کے سبب اِس بار اُن کو ٹٰیم میں شامل کرلیا گیا۔ فواد عالم نے گزشتہ 12 ماہ میں 66.69 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں جن میں دو سنچریاں اور پانچ نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

ساتھ ساتھ پاکستانی ٹٰیم کو اِس بار عالمی کپ کے ہیرو وہاب ریاض کی خدمات بھی حاصل ہونگی جو انجری کے باعث ٹیم سے باہر تھے۔ اُنہیں احسان عادل کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اگرچہ جنید خان کی کارکردگی گزشتہ کئی عرصے سے قابل ذکر نہیں ہے مگر پھر بھی وہ ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرلیے گئے ہیں۔ اِن کے ساتھ ساتھ عمران خان اور راحت علی بھی فاسٹ بولر کی فہرست میں شامل ہیں۔ جبکہ اسپن اٹیک کے لیے یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر پر بھروسہ کیا گیا ہے۔

انگلستان کے ساتھ ساتھ پی سی بھی دورہ زمبابوے کے لیے ٹیم کا اعلان کیا ہے جہاں پاکستان ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ اِس سیریز کے لیے انجری سے نجات حاصل کرنے والے صہیب مقصود کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کپ میں شاندار کارکردگی پیش کرنے والے عمران خان جونئیر اور آل راونڈر عامر یمین کو بھی پہلی بار موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم زمبابوے کے خلاف 2 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 27 اور دوسرا 29 ستمبر کوکھیلا جائے گا جب کہ ایک روزہ سیریز کا آغاز یکم اکتوبر سے ہوگا، دوسرا ایک روزہ میچ 3 اور تیسرا 5 اکتوبر کو ہرارے میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ نائب کپتان سرفراز احمد اور انور علی فریضہ حج کی ادائیگی کی وجہ سے زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ سرفراز احمد کی جگہ محمد رضوان یا عمر اکمل وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دین گے جب کہ انور علی کی جگہ عمران خان جونیئر کو ٹی ئنٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

ٹیسٹ اسکواڈ: احمد شہزاد، شان مسعود، اظہر علی، محمد حفیظ، فواد عالم، اسد شفیق، مصباح الحق (کپتان)، یونس خان، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر، وہاب ریاض، عمران خان، راحت علی ، جنید خان۔

ایک روزہ اسکواڈ: اظہر علی (کپتان)، احمد شہزاد، محمد حفیظ، صہیب مقصود، شعیب ملک، بابر اعظم، اسد شفیق، سرفراز احمد، محمد رضوان، عماد وسیم، انور علی، وہاب ریاض، یاسر شاہ، راحت علی، محمد عرفان

ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ: احمد شہزاد، مختار احمد، عمر اکمل، محمد حفیظ، صہیب مقصود، شعیب ملک، عامر یمین، محمد عرفان، بلال آصف، وہاب ریاض، عماد وسیم، سہیل تنویر، محمد رضوان، عمران خان جونئیر