شاہد آفریدی سابق برطانوی فوجیوں کی مدد کو راضی

1 1,044

قومی ٹی ٹوئنٹی کے کپتان شاہد آفریدی اب برطانوی فوجیوں کی مدد کرتے دکھائی دینگے، جنگ کے میدان میں نہیں بلکہ کھیل کے میدان میں کیونکہ اُن کا انتخاب چیریٹی میچ ’’کرکٹ فار ہیروز‘‘ کے لیے ہوگیا ہے جس کا مقصدسابق برطانوی فوجیوں کی مدد کرنا ہے۔

اِس چیریٹی میچ میں ’’ہیلپ فار ہیروز‘‘ کا مقابلہ ’’ریسٹ آف دی ورلڈ الیون‘‘ سے ہوگا۔ شاہد آفریدی’’ہیلپ فار ہیروز‘‘ کی نمائندگی کریں گے جس کی قیادت انگلینڈ کے سابق کپتان اینڈریو اسٹراس کریں گے جبکہ بھارتی کپتان ایم ایس دھونی اور اوپننگ بلے باز وریندرا سہواگ ،جنوبی افریقہ کے سابق کھلاڑی ہرشل گبز، آسٹریلیا کے ڈیمین مارٹن اور انگلستان سے تعلق رکھنے والے گریم سوان اور ڈیرن گف بھی اِسی ٹیم کا حصہ ہونگے۔ اِس ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری سر ای این باتھم کی ذمہ ہوگی۔

ریسٹ آف دی ورلڈ الیون کی قیادت نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکولم کریں گے جبکہ اُن کو آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے جارح مزاج میتھیو ہیڈن، سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے، ویسٹ انڈیز کے برائن لارا ، جنوبی افریقہ کے گریم اسمتھ اور نیوزی لینڈ کے ڈینیل ویٹوری کا ساتھ بھی میسیر آئے گا۔ اِس ٹیم کی کوچنگ گیری کرسٹن کریں گے۔

یہ میچ جمعرات کو اوول کے میدان میں کھیلا جائے گا۔میچ کا مقصد برطانوی فلاحی تنظیم کے لیے امداد جمع کرنا ہے جومیدان جنگ میں برطانیہ کی فوج کے زخمی ہونے والے اہلکاروں اور ان کے اہلخانہ کی مدد کرتی ہے جب کہ میچ کی آمدنی کا 30 فیصد حصہ کھلاڑیوں کی اجازت سے بیرون ملک فلاحی منصوبوں کے لیے دیا جائے گا۔

برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اور سیکرٹری دفاع مائیکل فیلن کھلاڑیوں کو دیے جانے والے عشائیے میں شرکت بھی کریں گے اور اُنہیں خوش آمدید بھی کہیں گے۔