محمد نبی کی دلیرانہ اننگ بھی افغانستان کو فتح نہ دلا سکی، پاکستان 'اے' فتحیاب

1 1,128

افغانستان کے دورۂ پاکستان کا آغاز ہی شکست کے ساتھ ہوا ہے جو اسلام آباد میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان 'اے' سے 5 وکٹوں سے شکست کھا گیا۔

محمد نبی کا ایک جارحانہ انداز، ان کی شعلہ فشاں اننگ رائیگاں گئی

اسلام آباد کے ڈائمنڈ گراؤنڈ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد افغانستان ابتداء میں بری طرح لڑکھڑا گیا لیکن محمد نبی کی 72 رنز کی شاندار اننگ کے باوجود 152 رنز کا مجموعہ ہی حاصل کر پایا۔ افغان بلے باز پاکستان اے کے باؤلرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکے اور محمد نبی کے علاوہ صرف کپتان نوروز منگل اور گلبدین نائب کی اننگ ہی دہرے ہندسے میں حاصل ہو سکی۔

افغانستان کی ابتدائی پانچ وکٹیں محض 42 رنز تک پہنچتے پہنچتے گر چکی تھیں۔ افغانستان کا ٹاپ آرڈر پاکستان کے سہیل تنویر ،صدف حسین اور محمد طلحہ کی گیند بازی کی تاب نہ لا سکا۔ محمد نبی نے 75 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کے ذریعے 72 رنز کی دلیرانہ اننگ کھیلی لیکن یہ افغانستان کی کشتی پار لگانے کے لیے کافی نہیں تھی۔

پاکستان 'اے' کی جانب سے محمد طلحہ نے تین جبکہ سہیل تنویر اور صدف حسین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کو ایک، ایک وکٹ ملی۔

جواب میں پاکستان نے دوسری وکٹ پر شرجیل خان اور عمر امین کے درمیان 55 رنز کی شراکت کی بدولت میچ با آسانی 5 وکٹوں سے جیت لیا جبکہ ابھی 61 گیندیں باقی تھیں۔ پاکستان کی جانب سے شرجیل خان 47 رنز کے ساتھ سب سے بہترین بلے باز رہے جبکہ عمر امین نے 29 اور سرفراز احمد نے 21 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے دولت زدران نے اپنے پہلے فرسٹ کلاس میچ میں ہی 3 جبکہ شاپور زدران نے ایک وکٹ حاصل کی۔

محمد نبی کو جرات مندانہ بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچز کی سیریز کا دوسرا معرکہ 27 مئی کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیمیں 29 مئی کو فیصل آباد میں ڈے اینڈ نائٹ میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں امن و امان کی خراب صورتحال کے سبب مارچ 2009ء کے بعد سے کوئی بین الاقوامی مقابلہ نہیں کھیلا گیا اور یہ دو سال کے طویل عرصے کے بعد پہلا موقع ہے کہ کسی غیر ملکی ٹیم نے پاکستان کادورہ کیا ہے۔