جنوبی افریقہ کے خلاف بھارتی سورماؤں کی فہرست تیار

0 1,032

کرکٹ کے 'برساتی پرستاروں' کے لیے تو عالمی کپ 2015ء ہی سال کا اہم ترین ٹورنامنٹ تھا لیکن جو کرکٹ کے حقیقی فینز ہیں، ان کے لیے بھارت اور جنوبی افریقہ کی آئندہ سیریز ہی سالِ رواں کا سب سے بڑا مقابلہ ہے۔ سیریز ٹی ٹوئنٹی، ایک روزہ اور ٹیسٹ تمام طرز کے مقابلوں پر مشتمل ہوگی لیکن پہلے محدود اوورز کے مقابلے کھیلے جائیں گے جس کے لیے بھارت نے میدان میں اترنے والے کھلاڑیوں کے نام ظاہر کردیے ہیں۔

دونوں ٹی ٹوئنٹی اور ابتدائی تین ایک روزہ مقابلوں کے لیے اعلان کردہ دستے کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ بھارت کے کپتان مہندر سنگھ دھونی ایک مرتبہ پھر ایکشن میں نظر آئیں گے۔ وہ گزشتہ سال آسٹریلیا کے دورے پر بدترین شکست کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے تھے اور اب صرف ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں تک محدود ہیں۔ حال ہی میں دورۂ سری لنکا میں ویراٹ کوہلی کی زیر قیادت بھارت کی ٹیسٹ کامیابی کے باوجود ان کا ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی پر اقتدار برقرار ہے اور بھارتی بورڈ کو ان کا بھرپور اعتماد بھی حاصل ہے۔ ان کے ٹی ٹوئنٹی میں کرناٹک سے تعلق رکھنے والے نوجوان گیندباز سری ناتھ اروند کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ایک روزہ میں 25 سالہ گرکریت سنگھ کو پہلی بار قومی ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ گرکریت سںگھ آل راؤنڈر رویندر جدیجا کی جگہ پائیں گے۔

سری لنکا کے حالیہ دورے پر زخمی ہونے والے شیکھر دھاون تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور دونوں طرز کی ٹیموں میں شامل ہیں۔ البتہ زخمی محمد شامی کی واپسی ابھی تک نہیں ہو سکی۔

سیریز کا باضابطہ آغاز 2 اکتوبر کو دھرم شالا میں پہلے ٹی ٹوئنٹی سے ہوگا۔ آخری دو ایک روزہ اور چار ٹیسٹ مقابلوں کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان بعد میں ہوگا ۔

ٹی ٹوئنٹی مرحلے کے لیے اعلان کردہ بھارتی دستہ:

مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، اجنکیا راہانے، اسٹورٹ بنی، امباتی رائیڈو، امیت مشرا، آکشر پٹیل، بھوونیشور کمار، روہیت شرما، روی چندر آشون، سری ناتھ اروند، سریش رینا، شیکھر دھاون، موہیت شرما، ہربھجن سںگھ اور ویراٹ کوہلی۔

ایک روزہ سیریز کے ابتدائی تین مقابلوں کے لیے اعلان کردہ بھارتی دستہ:

مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، اجنکیا رہانے، اسٹورٹ بنی، امباتی رائیڈو، امیت مشرا، امیش یادو، آکشر پٹیل، بھوونیشور کمار، روہیت شرما، روی چندر آشون، سریش رینا، شکیھر دھاون، گرکریت سنگھ، موہیت شرما اور ویراٹ کوہلی۔